Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گُڈ بائے‘: ٹوئٹر میں ملازمین کی برطرفی کا سلسلہ شروع

ایلون مسک نے ملازمین کو فارغ کرنے کے حوالے سے کہا تھا کہ اس کی وجہ اخراجات میں کمی لانا ہے (فوٹو: روئٹرز)
 ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ’چھانٹی‘ کا وہ سلسلہ آج سے شروع ہونے جا رہا ہے جس کا اشارہ انہوں نے سودے کے وقت دیا تھا۔
 برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹوئٹر کی نئی انتظامیہ آج ملازمین کو ای میل کر کے آگاہ کرے گی کہ انہیں نکال دیا گیا ہے یا نکال دیا جائے گا اور کچھ دفاتر بھی عارضی طور پر بند کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ہی ایلون مسک ٹوئٹر کے مالک بنے ہیں جس کے لیے انہوں نے 44 ارب ڈالر کی بولی لگائی تھی۔
رپورٹ کے مطابق سٹاف ارکان کو آج بھیجی جانے والی ای میل میں کہا گیا ہے کہ ’پلیٹ فارم کو مزید آگے بڑھانے کے لیے ہمیں ایک مشکل عمل کا سامنا ہے اور ہم عالمی سطح پر ملازمین کی تعداد کم کرنے جا رہے ہیں۔‘
ٹوئٹر انتظامیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ ’ملازمین اور صارفین کے ڈیٹا اور پورے سسٹم کی درستی کے لیے‘ آج اس کے آفسز عارضی طور پر بند کیے جا رہے ہیں۔
پلیٹ فارم کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جن ملازمین کو برقرار رکھا جا رہا ہے ان کو دفتری ای میل ایڈریس پر آگاہ کر دیا جائے گا۔
’جن ملازمین کو فارغ کر دیا گیا ہے، ان کو ذاتی ای میل ایڈریسز پر مطلع کیا جائے گا۔‘

ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایلون مسک نے متعدد اہم عہدیداروں کو بھی برطرف کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

نئے مالک ایلون مسک نے پچھلے ہفتے ملازمین کی فراغت کا اشارہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ اس کی وجہ اخراجات میں کمی ہے جبکہ پلیٹ فارم کے لیے نئے ضوابط کا اعلان بھی کیا تھا۔
انہوں نے فوری طور پر کئی اعلٰی عہدیداروں کو برطرف کر دیا تھا جن میں چیف ایگریکٹیو کے علاوہ فنانس، اشتہارات، مارکیٹنگ اور قانونی معاملات دیکھنے والے اہم عہدیدار بھی شامل تھے۔
ٹوئٹر ملازمین کو ای میل بھجوائے جانے کے تھوڑی دیر بعد سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے ’گڈ بائے‘ کے پیغامات جاری کیے۔
 

ایلون مسک  نے پچھلے ہفتے ہی ٹوئٹر خریدا ہے. (فوٹو: اے ایف پی)

جمعرات کو انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو کی جانے والی ای میل میں بتایا گیا تھا کہ ’اگر آپ دفتر میں ہیں یا پھر دفتر جا رہے ہیں، براہ مہربانی گھر پلٹ جائیں۔‘
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر انتظامیہ کو انفراسٹرکچر کی مد میں سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ 

شیئر: