Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھال لیا، تین اعلٰی عہدیدار برطرف

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے تین اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالتے ہی چیف ایگزیکٹو سمیت تین اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال کے علاوہ چیف فائنانشل آفیسر اور لیگل پالیسی کے ہیڈ کو بھی برطرف کیا ہے۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر کی فروخت کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے پر پراگ اگروال نے ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔
ٹوئٹر نے ایلون مسک کے خلاف جولائی میں مقدمہ دائر کیا تھا کہ وہ کمپنی کی فروخت کے عمل کو حتمی شکل دیں جس کے بعد ایلون مسک نے ایک مرتبہ پھر اعلان کیا کہ وہ ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کے لیے تیار ہیں۔
ریاست ڈیلاویئر کی عدالت نے معاہدہ باضابطہ طور پر مکمل کرنے کے لیے ایلون مسک کو 28 اکتوبر تک کی مہلت دی تھی۔
ایلون مسک نے جمعرات کو ٹویٹ کیا کہ وہ ٹوئٹر خرید رہے رہیں کیونکہ انسانی تہذیب کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے کہ ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہو جہاں صحت مندانہ انداز میں مختلف عقائد پر بات چیت کر سکیں۔ 
رواں سال اپریل کے آخر میں ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان سوشل میڈیا کمپنی کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔
معاہدہ طے پانے کے دو ماہ بعد ایلون مسک نے جولائی میں ٹوئٹر کو خریدنے سے انکار کر دیا تھا جس پر سوشل میڈیا کمپنی نے امریکی ریاست ڈیلاویئر کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا کہ ٹیسلا کے سربراہ کو اپنا وعدہ پورا کرنے پر مجبور کیا جائے۔
ایلون مسک نے 8 جولائی کو امریکی سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کو دستاویزات جمع کروائی تھیں جن میں دعویٰ کیا تھا کہ ٹوئٹر انتظامیہ نے جعلی اکاؤنٹس سے متعلق معلومات فراہم نہیں کیں لہٰذا وہ کمپنی خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہو رہے ہیں۔
ایلون مسک کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے انہیں بتایا گیا تھا کہ پلیٹ فارم کے یومیہ متحرک صارفین کی تعداد 23 کروڑ سے زیادہ ہے جبکہ حقیقت میں یہ تعداد سات کروڑ سے بھی کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خریداری کے وقت اُن کو اکاؤنٹس کا درست تخمینہ نہیں دیا گیا اور یہ دھوکہ دہی میں آتا ہے، جبکہ جعلی اکاؤنٹس سے کمپنی کے اشتہارات کی آمدنی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ایلون مسک کے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ ٹوئٹر کے کروڑوں کی تعداد میں صارفین ہیں جن میں سے جعلی اکاؤنٹس کی تعداد 5 فیصد سے بھی کم ہے۔

شیئر: