Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان شام تک ہسپتال سے گھر منتقل ہو جائیں گے، فواد چوہدری

لانگ مارچ کے دوران فائرنگ سے عمران خان زخمی ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان آج اتوار کی شام تک ہسپتال سے ڈسچارج ہو جائیں گے۔
فواد چوہدری نے ٹویٹ میں کہا کہ فی الحال ڈاکٹروں نے عمران خان کو ڈسچارج نہیں کیا لیکن شام تک گھر منتقل ہو جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم آج پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے تاہم انہوں نے وقت نہیں بتایا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رائیونڈ میں دعائیہ اجتماع کے پیش نظر آج کے دن کے لیے احتجاج کی کال معطل کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد میں اللہ والا چوک کے قریب فائرنگ ہوئی تھی جس میں سابق وزیراعظم سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ 
اس واقعے میں عمران خان بھی زخمی ہوئے تھے جس کے بعد سے شوکت خانم ہسپتال لاہور میں ان کا علاج جاری ہے۔
عمران خان نے ہسپتال سے پریس کانفرنس کے دوران اپنی ایکسرے رپورٹس سکرین پر دکھاتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں ٹانگ میں چار گولیاں لگی ہیں۔
گجرات کے ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) سید غضنفر علی شاہ نے جمعے کو کہا تھا کہ حملے کے مقام سے پولیس کو گولیوں کے 11 خول ملے ہیں جن میں سے9 خول پستول کے اور دو ایس ایم جی کے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا تھا کہ ’جائے وقوعہ پر کسی چھت سے گولیوں کا خول نہیں ملا، ایس ایم جی کے خول زمین پر پڑے ہوئے ملے ہیں۔‘
ڈی پی او گجرات نے مزید کہا تھا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پیشہ ورانہ انداز میں معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، شاید کسی نتیجے پر پہنچ جائے۔
خیال رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور ایک فوجی افسر کو حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
عمران خان یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ان عہدیداروں کے مستعفی ہونے تک تحریک انصاف کا احتجاج جاری رہے گا۔

شیئر: