Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ :بیشتر علاقوں میں پانی کی قلت ، شہری پریشان

  جدہ.... شہر کے بیشتر علاقوں کے مکین پانی کی قلت سے شدید پریشان ہیں ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ موسم گرما کے آغاز سے ہی قلت آب کا سامنا ہے ۔ ماہ رمضان قریب آرہا ہے جبکہ پانی کی قلت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ سبق نیوز کے مطابق شہر کے 13 علاقے جن میں العزیزیہ ، ابرق الرغامہ ، مکرونہ ، المحمدیہ ، ابحر جنوبی ، الاسکان جنوبی ، امیر فواز کمپاﺅنڈ ، ہنداویہ ، بخاریہ اور دیگر محلے بھی شامل ہیں میں گزشتہ ایک ماہ سے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ ان علاقوں میں پانی نہ آنے کی وجہ سے شہری واٹر ٹینکر لینے پرمجبور ہیں جبکہ ٹینکروں کے ریٹ بھی بڑھا دیئے گئے ہیں ۔ اس ضمن میں واٹرسپلائی کمپنی کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ الامیر فواز کمپاﺅنڈ تک جانے والی پانی کی پائپ لائن ٹوٹ گئی تھی جس کی وجہ سے علاقے میں پانی کی کمی واقع ہو ئی ۔ پائپ لائن کی مرمت کے لئے 3 دن لگے تھے ۔ لائن درست کرنے کے بعد علاقے میں شیڈول کے مطابق پانی کھول دیا گیا ۔ جبکہ شہر کے جنوبی علاقے کو پانی سپلائی کرنے والی لائن میں بھی شگاف پڑ گیا تھا جس کی اصلاح و مرمت کےلئے پانی روکا گیا تھا۔ دریں اثناءمتاثرہ علاقو ںمیں رہنے والوں کا کہنا ہے کہ قلت آب کی وجہ سے واٹر ٹینکروں کے ذمہ داروںنے بھی ٹینکروں کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے ۔بحرہ میں رہنے والوں کا شکوہ ہے کہ انہیں 15 دن میں ایک دفعہ پانی ملتا ہے جس سے انکی ضرورت پوری نہیں ہوتی ۔ حکومت اس جانب خصوصی توجہ دیے کیونکہ ماہ رمضان آنے والا ہے اور قلت آب کی صورتحال یہی رہی تو دشواریوں کا اندازہ کیا جاسکتا ہے ۔

شیئر: