میدان میں عرفات میں فائر پروف خیموں کی تنصیب شروع
مکہ مکرمہ: میدان عرفان میں فائر پروف خیموں کی تنصیب کاکام شروع ہوچکا ہے۔ ولی عہد ووزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف کی ہدایت پر میدان عرفان میں بھی فائر پروف خیمے نصب کئے جارہے ہیں۔ رواں سال حج کے دوران عرفات میں پلاسٹک کے خیمے نصب نہیں کئے جاسکتے۔ حجاج کی سلامتی کے لئے حج انتظامیہ نے فائر پروف خیموں کی تنصیب کا کام شروع کردیا ہے۔ عکاظ اخبار سے گفتگوکرتے ہوئے فائر پروف خیموں کی تنصیب کے منصوبے کے سربراہ انجینئر عاطف الصبیحی نے بتایا کہ عرفات میں نصب ہونے والے فائر پروف خیمے انتہائی اعلی معیار کے ہیں۔ یہ خصوصی مادے سے تیار کئے گئے جو موسمی تبدیلی سے متاثر نہیں ہوں گے۔ عرفات میں نصب ہونے والے فائر پروف خیمے 120کلو میٹر رفتار کی ہوا برداشت کرسکتے ہیں۔ فائر پروف خیمے بارش، گرمی اور آگ سے محفوظ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میدان عرفات میں فائر پروف خیموں کی تنصیب 375مربع میٹر کے رقبے میں کی جارہی ہے۔