وسط مدتی انتخابات کا انعقاد جمہوریت کے لیے اچھا دن: جو بائیڈن
وسط مدتی انتخابات کا انعقاد جمہوریت کے لیے اچھا دن: جو بائیڈن
جمعرات 10 نومبر 2022 6:33
صدر جو بائیڈن نے کہا کہ جس ’ریڈ ویو‘ کی پیشن گوئی ہو رہی تھی، ایسا کچھ نہیں ہوا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر جو بائیڈن نے وسط مدتی انتخابات کے انعقاد کو جمہوریت کے لیے ایک اچھا دن قرار دیا ہے۔
امریکی چینل سی این این کے مطابق بدھ کو وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اتخابات کے نتائج اس بات کی علامت ہیں کہ امریکی جمہوریت گزشتہ کئی برسوں سے خطرے میں آنے کے باوجود برقرار اور محفوظ ہے۔
صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ’کل انتخابات کا دن تھا۔ اور یہ ایک اچھا دن تھا، میرے خیال میں جمہوریت کے لیے۔‘
صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’حالیہ برسوں میں ہماری جمہوریت آزمائشوں سے گزری تاہم امریکی عوام نے ووٹ دے کر ثابت کر دیا کہ جمہوریت وہ ہے جو کہ ہم ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ پریس اور تجزیہ کار جس ’ریڈ ویو‘ کی پیشن گوئی کر رہے تھے، تو ایسا کچھ نہیں ہوا۔
امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کی علامت سرخ رنگ ہے۔
امریکی سینیٹ کا کنٹرول کس سیاسی جماعت کے پاس ہوگا، اس کا تعین فی الحال نہیں ہو سکا کیونکہ دونوں پارٹیوں کے درمیان ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے لیے اہم ریاستوں میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔ اور ان کے نتائج ابھی آنا باقی ہے۔
ریاست نیواڈا اور ایروزونا کے نتائج آنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ تجزیہ کاروں نے انتخابات میں جس ’ریڈ ویو‘ کی پیشن گوئی کی تھی اس کا زور کم دکھائی دے رہا ہے۔
ایوان نمائندگان میں حکمران جماعت ڈیموکریٹس نے اب تک 184 اور رپبلکنز نے 202 سیٹیں حاصل کی ہیں۔ اسی طرح سینیٹ میں ڈیموکریٹس کو اب تک 48 اور ریپبلکنز کو 49 سیٹیں ملی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی نشست ہارنا تکلیف دہ ہوتا ہے، گزشتہ 40 برسوں میں کسی بھی پہلے وسط مدتی انتخابات میں ہم نے کم نشستیں ہاری ہیں اور 1986 کے بعد گونرز کے لیے یہ بہترین وسط مدتی انتخابات تھے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ جب وہ اپنے غیرملکی دورے سے واپس آئیں گے تو وہ کانگریس میں دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو وائٹ ہاؤس میں مدعو کریں گے کہ وہ کہاں اور کیسے مل کر کام کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ منتخب ریپبلکنز کے ساتھ مختلف معاملات پر کام کے لیے تیار ہیں۔ ’میرے خیال میں امریکی عوام نے واضح کر دیا ہے کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ ریپبلکنز بھی میرے ساتھ کام کے لیے تیار رہیں۔‘
امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کو عام طور پر صدارتی مدت کے پہلے دو برسوں پر ہونے والا ریفرنڈم سمجھا جاتا ہے، جس میں برسراقتدار پارٹی اکثر شکست کھا جاتی ہے۔