سیمی فائنل میں انڈیا کو شکست: ’تین گُنا لگان دینا پڑے گا‘
جمعرات 10 نومبر 2022 14:03
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فائنل میں پاکستان کو شکست دینے کے خواہشمند انڈین کرکٹ فینز کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تو انڈین ٹائم لائنز پر بیک وقت غصے، جھنجھلاہٹ اور ندامت کے ساتھ مایوسی کے سبھی رنگ نمایاں تھے۔
ایڈیلیڈ میں انڈین بیٹنگ نے 168 رنز بنا کر انگلش سائیڈ کو جیت کے لیے نسبتا کمزور ہدف دیا تو فورا ہی اس خدشے نے سر اٹھایا کہ روہت شرما الیون اس کا دفاع نہیں کر سکے گی۔
انگلش اوپنرز نے بیٹنگ کی ابتدا میں ہی جارحانہ انداز اپنایا جس کے بعد جوں جوں کھیل آگے بڑھا انڈین ٹیم میچ پر گرفت مضبوط کرنے کا خواب سچ کرنے سے دور ہوتی رہی۔
پاکستان کے علاوہ نسبتا کمزور ٹیموں سے میچ جیتنے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے والی انڈین ٹیم بڑا میچ ہارنے میں ناکام ہوئی تو نہ صرف ٹیم بلکہ کھلاڑی بھی طنزیہ تبصروں اور تنقید کا نشانہ بنے۔
گزشتہ روز پاکستان کی کامیابی کے بعد ایک متنازعہ ٹویٹ کے باعث تنقید کا نشانہ بننے والے عرفان پٹھان نے میچ جیتنے کی امید ظاہر کی تو جواب میں کئی صارفین نے انہیں لکھا کہ ’پڑوسی بھائی گھبرانا نہیں۔‘

انڈین کرکٹ شائقین نے اپنی ٹیم کو پاور پلے کا استعمال انگلینڈ سے سیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے ایک میم شیئر کی تو لکھا کہ ’بٹلر کے ایل راہل کو بتارہے ہیں کہ پاور پلے کیسے استعمال کیا جاتا ہے۔‘

انڈین بیٹنگ کا انگلش کھلاڑیوں سے موازنہ ہوا تو روہت شرما اور ایلکس ہیلز کی تصاویر شیئر کرنے والے نے لکھا کہ ’ہمیں ایسا اوپنر چاہیے تھا لیکن ملا کچھ ایسا۔‘

انڈین ٹیم کی شکست پر تنقید کرنے والوں نے گزشتہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’پڑوسی پاکستان سے جیت کر ورلڈ کپ ٹرافی لینا چاہتے تھے لیکن سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ہی قابو نہ کر سکے۔‘
مسکان نے میچ کی صورتحال پر انڈین فینز کی کفیت کو میم کا موضوع بنایا تو روہت شرما کی تصویر پر لکھا تھا کہ ’خدا کے لیے دس وکٹ سے مت ہارنا۔‘

سوال ہوا کہ ’انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل ہارنے کے بعد انڈیا کو دگنا لگان دینا ہو گا؟‘

جواب میں ثقلین پرویز نے تین گنا لگان دینا پڑے گا کی خواہش ظاہر کی تو یہ بھی کہا گیا کہ ’لگان دینا نہیں اگلوں نے لگان لے لیا ہے۔‘

انڈین کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل موضوع بنے تو لکھا گیا کہ ’سکرپٹ تبدیل ہوا۔‘

۔‘

میچ میں وہ کون سا لمحہ تھا جب شکست انڈین ٹیم کا حصہ بنی؟ پر بات کرنے والوں نے میچ سے قبل روہت شرما کی مبینہ گفتگو کا حوالہ دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’ناک آؤٹ مرحلے میں ایک غلط میچ کھلاڑی کی صلاحیتوں کا درست اظہار نہیں کر سکتا۔‘

میچ کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد پاکستانی ٹویپس نے ’پڑوسیوں کے حقوق‘ یاد دلائے تو لکھا کہ ’کسی نے خیرخبر بھی لی ہے کہ نہیں۔‘

انگلش ٹیم کے ہاتھوں انڈین ٹیم کی بےبسی پر ہونے والی گفتگو اتنی بڑھی کہ ٹوئٹر کے ٹاپ 10 ٹرینڈز میں نصف درجن سے زائد سیمی فائنل کے متعلق رہے۔
انڈیا کو ٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں دس وکٹ کی شکست ہوئی جو ایک ریکارڈ ہے۔
انگلش ٹیم اتوار 14 نومبر کو میلبرن میں پاکستان کا سامنا کرے گی۔