Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گراؤنڈ میں انگلینڈ اور دماغ میں پاکستان سے لڑ رہے ہیں‘

عرفان پٹھان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی جیت کے بعد ’پڑوسیوں‘ پر تنقید کی تھی۔ (فائل فوٹو: فیس بک/عرفان پٹھان)
سابق انڈین آل راؤنڈر عرفان پٹھان کو پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے اور اس کی وجہ بنی ان کی ایک ٹویٹ۔
بدھ کو پاکستان نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔
پاکستان کی اس جیت کے بعد عرفان پٹھان نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’پڑوسیوں جیت آتی رہتی ہے لیکن گریس (وقار) آپ کے بس کی بات نہیں۔‘
عرفان پٹھان غالباً سوشل میڈیا پر ان پاکستانی کرکٹ فینز کی بات کررہے تھے جو پاکستان ٹیم کی فائنل میں رسائی کے بعد انڈین ٹیم کے حوالے سے طنز و مزاح سے بھرپور جملے بازی کر رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر پاکستان اور انڈیا کے فینز کی جانب سے ایک دوسرے کو ٹرول کرنا ایک عام سی بات ہے اور ایسا اکثر ہی دیکھنے میں آتا ہے لیکن ایک سابق کرکٹر کی جانب سے ایسی ٹویٹ پاکستانی صارفین کو ناگوار گزری۔
عرفان پٹھان کو شدید تنقید کے بعد ایک اور ٹویٹ میں یہ بات واضح کرنا پڑی کہ ان کی پچھلی ٹویٹ کا کسی کھلاڑی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
لیکن پاکستانی سوشل میڈیا صارفین سابق آلراؤنڈر کی ٹویٹس پر ابھی بھی غصے میں نظر آرہے ہیں اور عرفان پٹھان کو ٹوئٹر پر سخت جوابات ملنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
سابق پاکستانی اوپنر عمران نذیر نے عرفان پٹھان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسی ٹویٹ دیکھ کر دکھ ہوا۔‘

مہوش اعجاز نے لکھا ’ٹرولز کی ایک بڑی تعداد ہم پر چڑھ دوڑتی ہے جب بھی انڈیا کچھ ہارتا ہے۔ آپ کے سیاستدان ہمارے نام پر الیکشن لڑتے ہیں۔‘

پاکستان میں انسانی حقوق کے کارکن جبران ناصر نے عرفان پٹھان کی ٹویٹ پر طنز کرتے ہوئے لکھا ’گراؤنڈ میں انگلینڈ کا سامنے کر رہے ہیں اور دماغ میں پاکستان سے لڑ رہے ہیں۔‘
انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ’چھا گئے ہیں لڑکے۔‘

صحافی نعمت خان نے عرفان پٹھان کو جواب دیتے ہوئے کہا ’پڑوسیوں، اب پاکستان سے فائنل میں ہار جانے کے ڈر سے کہیں انگلینڈ سے نہ ہار جانا۔‘

انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آج ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا اور یہ میچ جیتنے والی ٹیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں اتوار کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں فائنل میں پاکستان کا سامنا کرے گی۔

شیئر: