خانہ کعبہ کو معطر کرنے کے لیے کون سی خوشبویات استعمال کی جاتی ہیں؟
مسجد الحرام اور خانہ کعبہ کو خاص طور پرجمعے کے دن خوشبویات سے معطر کیا جاتا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے جمعے کی نماز کے لیے مسجد الحرام مکہ مکرمہ آنے والے زائرین کا خیرمقدم بہترین خوشبویات اور عود سے کیا جا رہا ہے۔
الاخباریہ چینل کے مطابق مسجد الحرام، اس کے صحنوں، دالانوں اور خانہ کعبہ کو خاص طور پرجمعے کے دن خوشبویات سے معطر کیا جاتا ہے۔
یہ کام خانہ کعبہ کی تعظیم،عمرہ زائرین اور نمازیوں کو خوشبوؤں سے معطر ماحول میں عبادت کےلیے کیا جارہا ہے۔ معطر ماحول میں عبادت گزاروں کو آرام و سکون ملتا ہے۔
مسجد الحرام اور خانہ کعبہ کو معطر کرنے کے لیے ہر روزبڑی مقدار میں اعلی درجے کا عود جو المعتق السیوفی الکلمنتان اور المروکی کے نام سے معروف ہیں استعمال کیا جا رہا ہے۔
حجر اسود، ملتزم (خانہ کعبہ کے دروازے کی چوکھٹ) اور رکن یمانی کو معطر کرنے کے لیے 20 تولہ عود ہر روز لگایا جاتا ہے۔ معطر کرنے والی ٹیم دس سے زیادہ اہلکاروں پر مشتمل ہے۔