پاکستان کی وزارت خارجہ نے تسلیم کیا ہے کہ غیرملکی جیلوں میں ان پاکستانیوں کی تعداد کے بارے میں آگاہ نہیں ہے جو غیر قانونی طور پر بیرون ملک گئے اور کسی وجہ سے وہاں گرفتار یا قید ہیں۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائی گئی ایک رپورٹ میں وزارت خارجہ نے بتایا کہ جو پاکستانی میزبان ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہوئے اور ظاہری طور پر اس ملک کے حکام کے علم میں لائے بغیر وہاں کام کر رہے ہیں ان کی تفصیلات اکٹھی کرنا مشکل کام ہے۔
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب میں قید 63 پاکستانیوں کی واپسیNode ID: 584516
دفتر خارجہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تین اقسام بتاتے ہوئے کہا کہ ان میں سے ایک وہ ہیں جو غیر ملکی ورک یا تعلیمی ویزہ پر بیرون ملک گئے، دوسرا وہ جو پاکستانی نژاد ہیں اور تیسری قسم ان کی ہے جو میزبان ملک کے علم میں لائے بغیر کسی طریقے سے وہاں پہنچے اور غیر قانونی طور پر وہاں مقیم ہیں۔
ایسے لوگ جو ورک ویزہ پر بیرون ملک گئے اور کسی جرم میں ملوث ہونے یا کسی الزام کے باعث گرفتار یا قید ہوئے ان کے بارے میں پاکستانی سفارتخانوں کو نہ صرف آگاہ کیا جاتا ہے بلکہ ان سے متعلق مقامی حکومتوں سے رابطے میں بھی رہتے ہیں اور انھیں قانونی مدد بھی فراہم کی جاتی ہے۔
دوسری صورت میں پاکستانی نژاد قیدی ہیں اور اگر ان کی تعداد حاصل کرنا ہو تو وہ بھی مشکل نہیں۔ خاص طور پر ان کی جن کے خلاف کیس عدالتوں میں چل رہا ہے، ان کو سزا ہو چکی ہو اور وہ اپنی سزا کاٹ رہے ہوں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ’بعض ممالک میں تو پرائیویسی کے قوانین ایسے ہیں کہ اگر وہاں پر کوئی پاکستان گرفتار یا قید ہو جائے اور اس نے اپنے بارے میں بنیادی معلومات کسی کو نہ دینے کا کہہ دیا تو ایسی صورت مین مقامی حکومتیں قیدی کی رضا مندی کے بغیر معلومات فراہم نہیں کرتیں بلکہ سرے سے انکار کر دیتی ہیں۔‘
وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک میں غیر قانونی تارکین وطن کی اکثریت پاکستانی سفارت خانوں سے خدمات لینے سے اس وجہ سے انکار کر دیتی ہے کہ کہیں ان کو واپس پاکستان ڈی پورٹ نہ کر دیا جائے۔
حکام کے مطابق اس حوالے سے پاکستانی مشنز مقامی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ضرور رہتے ہیں اور بوقت ضرورت اگر کسی کو ہنگامی صورت سفری دستاویزات، شہریت کی تصدیق، یا ٹکٹ کی ضرورت ہو تو پاکستانی سفارت خانے اس ضمن میں مدد ضرور کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ کی جانب سے اکثر و بیشتر بیرون ملک جیلوں میں قید پاکستانیوں کے بارے میں اعداد و شمار جاری کیے جاتے ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ وزارت خارجہ نے تسلیم کیا ہے کہ وہ بیرون ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم گرفتار یا قید پاکستانیوں کی تعداد کے بارے میں لاعلم ہے۔
وزارت خارجہ کی اپنی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق بیرون ممالک میں کل 9 ہزار 991 پاکستانی قید ہیں۔
