Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک چھوڑ کر نہیں جا رہا، بے شک نام ای سی ایل میں ڈال دیں: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ لانگ مارچ کا مقصد قوم کو جگانا ہے اور عوام میں شعور آ چکا ہے (فوٹو: روئٹرز)
سابق وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ جب بھی مشکلات کا شکار ہوتے ہیں تو ملک سے بھاگ جاتے ہیں۔ میں ملک چھوڑ کر نہیں جا رہا، بےشک نام ای سی ایل میں ڈال دیں۔‘
اتوار کو لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ’کرپشن دکھانے پر شہباز شریف نے ڈیلی میل پر ہرجانہ دائر کردیا۔ جب وہ ڈیلی میل سے کیس ہار گیا تو ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا۔‘
عمران خان نے کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے دیانتداری سے کبھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، ایک فرد بھی میرٹ پر تعینات نہیں کیا وہ آرمی چیف کا فیصلہ کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزیرآباد میں مجھے جان سے مارنے کی پوری کوشش کی گئی۔ لندن میں بیٹھا مفرور شخص الیکشن سے بھاگ رہا ہے۔ ہم نے کسی کے لانگ مارچ کو نہیں روکا، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ الیکشن کرائے جائیں۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں سات ماہ سے کہہ رہا ہوں کہ ان لوگوں سے ملک نہیں سنبھالا جائے گا۔ ان لوگوں نے جو تجربہ کیا وہ ناکام ہو گیا ہے۔ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ہم گئے تو ان سے معیشت نہیں سنبھالی جائے گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میں آزاد خارجہ پالیسی چاہتا تھا۔ میں کسی کے سامنے جھک جھک کر پیر پکڑنے والی نہیں خودمختار خارجہ پالیسی چاہتا تھا۔‘
سابق وزیراعظم کے بقول ’کہا جا رہا ہے کہ ہمارے لانگ مارچ کی رفتار بہت سست ہے۔ لانگ مارچ کا مقصد قوم کو جگانا ہے اور عوام میں شعور آ چکا ہے۔ ملک بھر سے لوگ راولپنڈی آ رہے ہیں۔‘
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم چیف جسٹس پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، قوم انصاف مانگ رہی ہے۔ ’چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ عدلیہ عوام کے ساتھ کھڑی ہو۔‘

شیئر: