وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے نئے آرمی چیف کے تقرر سمیت اہم امور پر مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔
شہباز شریف تین روز قبل دورہ مصر مکمل کرنے کے بعد بدھ کو لندن پہنچے تھے جہاں انہوں نے میاں نواز شریف اور مریم نواز سے ملک کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
لندن سے مقامی میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میاں نواز شریف سے نئے آرمی چیف کے تقرر پر بھی اہم مشاورت کی۔
مزید پڑھیں
-
آرمی چیف کی ایکسٹینشن: عمران خان کے بیان پر نہ ختم ہونیوالی بحثNode ID: 700651
-
جو میرٹ پر ہو اسے آرمی چیف بننا چاہیے: عمران خانNode ID: 716886
شہباز شریف کے دورہ برطانیہ کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف، معاون خصوصی ملک محمد احمد خان اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے، مریم نواز پہلے سے ہی لندن میں موجود ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعے کی رات ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’میڈیا میں قیاس آرائی ہو رہی ہے کہ لندن میں نواز شہباز میٹنگ میں آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے کوئی فیصلہ ہوا ہے۔‘
انہوں نے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سلسلے میں مشاورت ضرور ہوئی ہے لیکن فیصلہ آئینی عمل کے آغاز کے بعد مشاورت سے ہوگا۔‘
یاد رہے کہ پاکستان کے نئے آرمی چیف کے تقرر کا معاملہ ان دنوں پاکستان میں سب سے زیادہ زیر بحث آنے والی خبروں میں سرفہرست ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان متعدد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ ’نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری نئے آرمی چیف کا تقرر کرنے کے اہل نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ان شخصیات پر اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات اور مقدمات ہیں لہٰذا یہ ذمہ داری ان افراد کو نہ دی جائے۔‘
میڈیا میں قیاس آرائی ھو رہی ھے کہ لندن میں نواز شہباز میٹنگ میں آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے کو ئ فیصلہ ھوا ھے. اس سلسلے میں مشاورت ضرور ھوئ ھے لیکن فیصلہ انشاءاللہ آئینی عمل کے آغاز کے بعد مشاورت سے ھو گا.
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 11, 2022