سعودی عرب میں بیرون ملک سے بھی سرکاری فیسوں کی آن لائن ادائیگی کی سہولت
مختلف ذرائع سے سرکاری فیسوں کی ادائیگی کی جا سکتی ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت خزانہ نے اندرون ملک اور بیرون ملک سے تمام سرکاری خدمات پر مقرر فیسوں کی آن لائن ادائیگی کی سہولت مہیا کی ہے۔
وزارت کے ماتحت قومی مرکز نے ڈیجیٹل گورنمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے نئی سہولت کا انتظام کیا ہے۔ اے ٹی ایم کارڈ (مدی)، ویزا کارڈ، ماسٹر کارڈ اور سداد کے ذریعے سرکاری فیسیں ادا کی جا سکتی ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت خزانہ نے بیان میں کہا کہ ’سرکاری اداروں کے لیے مالیاتی ٹیکنالوجی کا انفراسٹرکچر جدید خطوط پر استوارکیا جا رہا ہے۔‘
وزارت مشترکہ مکمل ڈیجیٹل سروسز کے ذریعے صارفین کو فیسوں کی ادائیگی کی سہولتوں کا دائرہ وسیع کر رہی ہے۔
ڈیجیٹل گورنمنٹ اتھارٹی کے گورنر انجینیئر احمد الصویان نے کہا کہ ’مملکت میں معیاری اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے پورے معاشرے کو ڈیجیٹل سماج میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ آن لائن ادائیگی کی سہولت اسی کا ایک حصہ ہے۔‘
سیکریٹری خزانہ برائے آمدن طارق الشھیبان نے کہا ہے کہ ’سرکاری مالیاتی لین دین میں ڈیجیٹل سسٹم مضبوط کیا جا رہا ہے۔ یہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حکومت کی کوشش ہے کہ سرکاری اداروں کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات پر مقرر فیسیں آن لائن ایک ہی سسٹم کے تحت ادا کی جا سکیں۔‘
طارق الشھیبان کا کہنا تھا کہ ’مملکت کے اندر اور باہر کہیں سے بھی فیسیں ادا کی جاسکتی ہیں۔‘
’وزارت داخلہ کی جانب سے ابشر پلیٹ فارم، وزارت تجارت، وزارت صنعت و معدنیات وغیرہ تمام سرکاری ادارے اس سہولت سے مربوط کر دیے گئے ہیں۔‘