سیاحت کے فروغ کے لیے ٹوکیو میں سعودی ٹورزم بیورو کا قیام
سیاحت کے فروغ کے لیے ٹوکیو میں سعودی ٹورزم بیورو کا قیام
منگل 19 اکتوبر 2021 11:46
سعودی ٹورزم بیورو (ایس ٹی اے) نے ٹریول پروجیکٹ کمپنی ڈسکور دی ورلڈ کے ساتھ ٹوکیو میں جاپان برانچ قائم کی ہے (فوٹو عرب نیوز)
جاپانی میگزین ٹریول ویژن میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی ٹورزم بیورو (ایس ٹی اے) نے ٹریول پروجیکٹ کمپنی ڈسکور دی ورلڈ کے ساتھ ٹوکیو میں جاپان برانچ قائم کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ٹورزم بیورو کے پاس فی الحال21 ممالک میں ایسے مقامات موجود ہیں جہاں پر سیاحت کے فروغ کے لیے بیوروز ہیں، اس کےعلاوہ مستقبل میں ایس ٹی اے کا مزید چار بیورو قائم کرنے کا ارادہ ہے۔
سعودی ٹورزم بیورو کے سی ای او فہد حمیرالدین نے جاپان کے ٹریول میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ’سعودی عرب آنے والے سیاحوں کو مختلف ثقافتی رہنمائی، عالمی معیار کے تاریخی ورثے اور عربوں کی بھرپور مہمان نوازی سے آگاہ کرنے کے لیے ہم نے عالمی پیمانے پر پیشہ ور ٹیم تیار کی ہے۔‘
چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بتایا کہ جاپان کے بیورو چیف کے طور پر یہ عہدہ شیجیکو اوکودا سنبھالیں گے جو کہ سیاحت اورعام صارفین کے لیے سیلز اورمارکیٹنگ کی سرگرمیوں کے ذمہ دار بھی ہوں گے۔
سعودی عرب نے کورونا وائرس کے باعث لگی پابندیاں ہٹانے کے بعد حال ہی میں جاپان سمیت 49 ممالک کے سیاحتی ویزوں پر سے پابندی ختم کی دی ہے۔
سیاحتی ویزے کی فراہمی کی یہ سہولت صرف ان لوگوں کے لیے دوبارہ شروع کی گئی ہے جو کورونا ویکسین کی مکمل خوراک حاصل کر چکے ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں