Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خدا حافظ ٹوئٹر‘، کیا دنیا کی بڑی سوشل میڈیا سائٹ بند ہو رہی ہے؟

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر خریدے جانے کے بعد کمپنی کے کئی اہم عہدیدار برطرف کیے جا چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا میں سوشل میڈیا کی بڑی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’آر آئی پی ٹوئٹر‘ یعنی ’ریسٹ اِن پیس ٹوئٹر‘ اور ’گُڈ بائے ٹوئٹر‘ کے ٹرینڈز جاری ہیں جس میں صارفین اس بلاگ سائٹ کے بند ہونے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔
جمعے کو ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے ایک قبر کی تصویر ٹویٹ کی ہے جس کے کتبے پر ’ٹوئٹر کی چڑیا‘ ہے۔
اس سے قبل کی گئی ایک ٹویٹ میں ایلون مسک نے لکھا کہ ’اور، ہم نے ٹوئٹر کے استعمال میں اب تک کی ایک اور بلند ترین سطح تک رسائی حاصل کر لی۔‘
مذاق میں کی گئی اس ٹویٹ کے ذریعے بظاہر ایلون مسک نے صارفین کو بتانے کی کوشش کی ہے کہ وہ اس طریقے سے مزید توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
امریکی صحافی لوثی حوبر نے لکھا کہ ’ہر کوئی ٹوئٹر کو خدا حافظ کہہ رہا ہے اور ہم سارے اب تک یہیں ہیں۔ مجھے لگتا ہے جیسے میں مڈ ویسٹ کی ڈنر پارٹی میں ہوں۔‘

ٹرینڈز میں ہزاروں صارفین نے چند گھنٹوں میں دلچسپ میمز شیئر کی ہیں۔
بہت سے صارفین یہ سوال پوچھ رہے ہیں کہ کیا واقعی ٹوئٹر بند ہونے جا رہا ہے۔ جبکہ کئی نے لکھا ہے کہ ایلون مسک نے 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر صرف اس لیے خریدا تھا کہ بند کر دے۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے ایلون مسک کو مخاطب کر کے لکھا کہ ’ہم ٹوئٹر کے بغیر دنیا کا تصور بھی نہیں کر سکتے اس لیے مسئلے کو حل کریں۔‘
متعدد صارفین نے ازراہِ مذاق اپنے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کے لنک شیئر کر کے لکھا ہے کہ اگر ٹوئٹر بند ہو گیا تو اُن کو یہاں فالو کیا جائے۔
صنم جاوید خان نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’ایک غلط بندہ کسی بڑی سیٹ پر آ جائے تو سب بیڑہ غرق کر سکتا ہے۔ آپ سمجھیں گے میں پاکستان کی بات کر رہی ہوں پر نہیں ابھی میں ٹوئٹر کی بات کر رہی ہوں۔‘

قبل ازیں یہ خبر آئی تھی کہ ایک تخمینے کے مطابق ٹوئٹر کے سینکڑوں ملازمین نے کمپنی کو چھوڑنا شروع کر دیا ہے کیونکہ ایلون مسک نے اُن کو ’مشکل حالات میں زیادہ دیر کام‘ کرنے کے حوالے سے تیار رہنے کے لیے کہا تھا۔

شیئر: