روس کے وزیر خزانہ انٹون سلیوانوف نے اگلے ہفتے سعودی عرب میں امریکہ اور روس کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے قبل اتوار کو مملکت کا دورہ کیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انٹون سلیوانوف نے سعودی وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کی منعقد کردہ العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز میں خطاب کیا۔
مزید پڑھیں
ایک امریکی قانون ساز اور اس منصوبے سے واقف ایک ذریعے نے سنیچر کو کہا کہ روس اور امریکہ کے حکام آنے والے دنوں میں تین سال سے جاری یوکرین جنگ پر مذاکرات کے لیے سعودی عرب میں ملاقات کریں گے۔
روس کے فرسٹ ڈپٹی وزیراعظم ڈینس منتوروف نے انٹون سلیوانوف اور مرکزی بینک کی گورنر ایلوریا نبیولینا کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ 15 فروری کو مذاکرات کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خزانہ نے دوسرے ممالک کے قرض کی ری شیڈولنگ کرنے پر روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ 25 برسوں کے دوران ہم نے 22 ممالک کے 30 ارب ڈالر قرض کی ری شیڈولنگ کی۔ اتنی ہی رقم ہم نے دو طرفہ معاہدوں کے ذریعے ری شیڈول کی۔‘