ٹریفک حادثے میں سیکیورٹی اہلکار، اہلیہ اور پانچ بچے ہلاک ہوئے
حادثے میں ہلاک ہونے والے سب سے چھوٹے بیٹے کی عمر دوماہ تھی( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں سوشل میڈیا پرایک ہی خاندان کے سات افراد کی ہلاکت پرتعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ ہلاکتیں گزشتہ جمعرات ٹریفک حادثے میں ہوئی تھیں۔
العربیہ نیوز کے مطابق ریاض کے المھدیہ محلے میں مقیم سیکیورٹی اہلکار محمد السبیعی، ان کی اہلیہ اور 5 بچے ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
محمد السبیعی کے ایک قریبی عزیز نے بتایا کہ المناک حادثہ جمعرات کی شام پیش آیا جس میں محمد السبیعی ان کی اہلیہ، تین بیٹیاں اوردوبیٹے شامل ہلاک ہوگئے۔ سب سے چھوٹے بیٹے کی عمر دوماہ تھی۔
متوفی محمد السبیعی کا آبائی علاقہ ’رنیہ‘ تھا جہاں سے وہ بسلسلہ روزگار ریاض منتقل ہوگئے تھے۔ انتہائی انسان دوست اورفلاحی کاموں میں پیش پیش رہنے والی شخصیت تھی۔
ریاض منتقل ہونے کے باوجود وہ اپنے آبائی علاقے میں متعدد ضرورت مند خاندانوں کی باقاعدہ کفالت کرتے۔ اپنے اعلی اخلاق اورمثالی کردار کے باعث علاقے میں ہر کسی کے دل میں ان کے لیے احترام تھا۔
محمد السبیعی اور ان کے خاندان کی اس طرح اچانک موت پر رنیہ کا علاقہ ہی نہیں بلکہ پورے سعودی عرب میں سوشل میڈیا پران کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں۔