سعودی ایجنسی کی جانب سے سکردو میں موسم سرما کے ملبوسات تقسیم
سعودی ایجنسی کی جانب سے سکردو میں موسم سرما کے ملبوسات تقسیم
پیر 21 نومبر 2022 21:07
ضرورت مند افراد میں ایک ہزار 260 کمبل اور گرم ملبوسات تقسیم کیے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے گلگت بلتستان کے علاقے سکردو اور گھانچی میں موسم سرما سے بچاؤ کے لیے ایک ہزار 260 کمبل اور گرم ملبوسات تقسیم کیے ہیں۔ ان سے 8 ہزار 820 سیلاب زدگان کو فائدہ ہوا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز پاکستان کے متاثرہ علاقوں کے انتہائی ضرورت مند خاندانوں میں موسم سرما کے ملبوسات اور اشیا تقسیم کررہا ہے۔
شاہ سلمان مرکز نے سوڈانی صوبے البحر الاحمر میں مختلف مقامات پر 289 فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں جن سے المستشفی، البوسنہ، دینایت اور السوق محلوں کے 289 خاندانوں کو فائدہ ہوا ہے۔
جمہوریہ مالی کے باماکو شہر میں بچوں کو مختلف آپریشن کی سہولت فراہم کی گئی( فوٹو اایس پی اے)
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے جمہوریہ مالی کے باماکو شہر میں رابطہ عالم اسلامی کے تعاون سے بچوں کی اوپن ہارٹ سرجری کا خصوصی پروگرام نافذ کیا ہے۔
اس کے تحت رضاکاروں کی ٹیم نے 15 بچوں کے دل کے آپریشن کیے اور 92 بچوں کو مختلف آپریشن کی سہولت فراہم کی گئی۔
شاہ سلمان مرکز مالی سمیت متعدد ممالک میں رضاکارانہ میڈیکل پروگرام نافذ کررہا ہے۔ اس کے تحت محدود آمدنی والے افراد اور خاندانوں کو علاج کی سہولتیں دی جارہی ہیں۔