Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میں کوئی مجرم نہیں ہوں، تاحیات پابندی سخت بات ہے: ڈیوڈ وارنر

ڈیوڈ وارنر پر جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ پر ایک سال کی پابندی لگی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے بیٹر ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ ’وہ کوئی مجرم نہیں ہیں، تاحیات پابندی سخت بات ہے۔‘
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کے قوانین میں ترامیم کی گئی ہے جس کے بعد اب پابندی کا شکار ہونے والے کھلاڑی اپنی پابندی پر نظر ثانی کی اپیل کرسکتے ہیں۔
پابندی پر نظر ثانی کے لیے کھلاڑی کو اپنی غلطی پر پچھتاوے کا اقرار کرنا ہوگا اور اپنی رویے میں بہتری لانا ہوگی۔
ڈیوڈ وارنر پر 2018 میں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ کرنے پر ایک سال کی پابندی لگائی گئی تھی جبکہ ان پر آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی کرنے کی تاحیات پابندی لگائی گئی تھی۔
ڈیوڈ وارنر کے ساتھ اس وقت کے آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ اور بیٹر کیمرون بینکروفٹ پر بھی بال ٹیمپرنگ کے جرم میں پابندیاں لگائی گئی تھیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے نئے قانون پر بات کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ’یہ معاملہ بہت لمبا چلا ہے، یہ میرے لیے، میرے گھر والوں کے لیے اور جو بھی اس میں ملوث تھا اس کے لیے بھیانک تھا۔‘
وارنر مزید کہتے ہیں کہ ’اگر دیکھا جائے تو آخر میں، میں کوئی مجرم نہیں ہوں، آپ کو سزا کے خلاف اپیل کرنے کا حق کہیں تو ملتا ہی ہے، مجھے احساس ہے کہ بورڈ نے پابندیاں لگائی تھیں لیکن کسی پر تاحیات پابندی لگانا سخت بات ہے۔‘
36 سالہ بیٹر کہتے ہیں کہ ’یہ ایک موقع ہے کہ میں بولوں اور کہوں کہ مجھے اپنے کیے پر پچھتاوا ہے، میں نے اپنا پورا وقت گزارنے کے بعد آسٹریلیا کی کرکٹ میں واپسی کی ہے۔‘

ڈیوڈ وارنرآسٹریلیا کی جانب سے اب تک 96 ٹیسٹ، 140 ون ڈے اور 99 ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ ایرون فنچ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے پیٹ کمنز کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔
اسی طرح ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلے مرحلے سے باہر ہونے کے بعد ٹی20 کی ٹیم کے لیے بھی ایرون فنچ کی جگہ کسی دسرے کھلاڑی کو کپتان بنایا جاسکتا ہے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آسٹریلیا آئندہ 12 ماہ کے دوران ون ڈے کے کپتانوں کو وقتاً فوقتاً تبدیل کرسکتا ہے، اسی لیے انگلیںڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پیٹ کمنز کی جگہ ٹیم کی کپتانی جوش ہیزل وُڈ نے کی تھی۔
اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا کی جانب سے اب تک 96 ٹیسٹ، 140 ون ڈے اور 99 ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے بالترتیب 7817، 5901 اور 2894 رنز بنائے ہیں

شیئر: