Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے متعلق سب کچھ مثبت ہے، پیار کرنے والے لوگ ہیں: ڈیوڈ وارنر

آسٹریلوی بیٹس مین ڈیوڈ وارنر کے مطابق راولپنڈی میں وکٹ سازگار نہیں تھی۔ فوٹو اے ایف پی
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں وکٹ سازگار نہیں تھی، امید ہے کراچی میں اچھی وکٹ ملے گی۔
جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ راولپنڈی کی وکٹ بے جان تھی، امید ہے کراچی میں وکٹ ایسی ہوگی جس سے فینز کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
’لگتا ہے یہاں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا زیادہ مفید ہوگا۔ وکٹ دیکھ کر فائنل الیون کا فیصلہ کریں گے۔ اہم یہ ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں ہم اپنے گیم پلان کے مطابق کھیلیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ابھی کراچی کی وکٹ نہیں دیکھی، وکٹ پرباؤنس یا پیس نہ ہو تو فاسٹ بولرز کے لیے کھیلنا مشکل نہیں ہوتا۔ 
 ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں، کوشش ہے اپنی موجودگی سے فینز کو محظوظ کریں۔
’کھیل کے دوران انجوائے کرنا چاہیے۔ کراؤڈ کھیل کا سب سے اہم حصہ ہیں اس لیے ان کے ساتھ انجوائے کرتا ہوں۔‘
 ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے سب کچھ مثبت ہے، یہاں بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں، کراؤڈ نے بھی آسٹریلیوی ٹیم کو سپورٹ کیا۔ 
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بہت خوبصورت جگہ ہے، اس دورے کے انعقاد کا کریڈیٹ بہت سے لوگوں کوجاتا ہے، پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا نے اس دورے کے لیے بہت کام کیا۔
 ڈیوڈ وارنر نے بتایا کہ وہ شین وارن بننا چاہتے تھے، کیریر بھی بولر کی حیثیت سے شروع کیا تھا۔
 

شیئر: