قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے گروپ سی کے ایک میچ میں سعودی عرب نے ارجنٹائن کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا پہلا اَپ سیٹ کر دیا ہے۔
منگل کو دوحہ کے لیوسل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح اپنے نام کی۔
میچ کا پہلا گول ارجنٹائن کی جانب سے لیونل میسی نے پہلے ہاف کے دسویں منٹ میں پینلٹی کک پر کیا۔
اس کے جواب میں 48 ویں منٹ میں سعودی عرب کے صالح الشھری نے پہلا گول کر کے سکور برابر کر دیا۔
اس کے محض پانچ منٹ کے بعد ہی سالم الدوسیری نے سعودی عرب کا دوسرا گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔
سعودی کھلاڑی محمد العویس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے بھی اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر قومی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
آج ہماری ٹیم کے راستے سے ہٹ جاؤ..
سعودی عقاب آسمان میں اونچی پرواز کرتے ہیں ..
ہیروز نے ہمیں شرف بخشا.. pic.twitter.com/aSnzZV16uK— السفارة في باكستان - سعودی سفارت خانہ (@KSAembassyPK) November 22, 2022
خیال رہے کہ ارجنٹائن دو مرتبہ عالمی کپ جیت چکی ہے جبکہ سعودی قومی ٹیم اس سے قبل 5 مرتبہ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں حصہ لے چکی ہے۔
اس وقت سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم عالمی رینکنگ میں 51 ویں نمبر پر ہے۔
