Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ: ایرانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل قومی ترانہ نہیں پڑھا

اس میچ میں ایران کو انگلینڈ کے ہاتھوں دو گول کے مقابلے میں چھ گول سے شکست ہوئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں شریک ایران کی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف اپنے پہلے میچ سے قبل قومی ترانہ نہیں پڑھا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایرانی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا ترانہ نہ پڑھنا بظاہر اپنے ملک میں احتجاجی مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کا عمل نظر آتا ہے۔
دوحہ کے خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں جب ایرانی ترانہ بجایا گیا تو کھلاڑی خاموش رہے جبکہ سٹیڈیم میں بیٹھے شائقین بھی اس وقت چلاتے ہوئے نظر آئے اور کچھ افراد نے ترانے کے دوران انگوٹھے کا اشارہ کرتے ہوئے ایرانی حکام کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کی کوشش کی۔
اس میچ میں ایران کو انگلینڈ کے ہاتھوں دو گول کے مقابلے میں چھ گول سے شکست ہوئی ہے۔
خیال رہے ایران میں تقریباً دو ماہ قبل ’اخلاقی پولیس‘ کی حراست میں ایک نوجوان لڑکی کی موت کے بعد احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے اور یہ مظاہرے تاحال جاری ہیں۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے میچ سے قبل کھلاڑیوں کے ترانہ پڑھنے کے لیے جمع ہونے کے مناظر نشر نہیں کیے۔ روئٹرز کے مطابق ایرانی ٹیم کو اپنے ملک میں پرستاروں کی تنقید کا سامنا بھی رہا جو کہ فٹ بالرز پر احتجاجی مظاہرین بشمول بچوں اور خواتین کے خلاف ہونے والے سرکار کے پرتشدد کریک ڈاؤن کی حمایت کرنے کا الزام لگا رہے تھے۔
ایرانی فٹ بال ٹیم کے کپتان احسان حاجصفی نے میچ سے ایک دن قبل قطر سے جاری ایک بیان میں ایران میں احتجاجی مظاہرین کے حوالے سے کہا تھا کہ ’ہم ان کے ساتھ ہیں، ان کی حمایت کرتے ہیں اور ان سے ہمدردی رکھتے ہیں۔‘
خیال رہے ایرانی کپتان احسان حاجصفی یونان میں فٹ بال کھیلتے ہیں۔
ورلڈ کپ کے دوسرے مقابلے میں ہالینڈ نے افریقین چیمپئن سینیگال کو صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے ہرا کر ورلڈ کپ مہم کا شاندار آغاز کر دیا۔ 

شیئر: