لکھنؤ۔۔۔۔وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کے دفتر نے جمعرات کو ٹویٹر پر اعلان کیا ہے کہ حکومت جلد ہی پوری ریاست میں ارنا پورنا بھوجن الایاس کے تحت غریبوں کو 5روپے میں کھانا فراہم کریگی۔اس اسکیم کا مقصد یہ ہے کہ یوپی میں کوئی بھی شخص بھوکا نہ رہنے پائے۔ ناشتے میں دلیہ ، چائے ،پکوڑے اور پوہا فراہم کیا جائے گا اور اس کی قیمت 3روپے ہوگی جبکہ لنچ اور ڈنر میں چاول ، روٹی ، دال اور سبزی فراہم کی جائیگی جس کی قیمت صرف 5روپے وصول کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے اور جلد ہی اس پر عملدرآمد ہوگا۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم چندہفتوں میں شروع ہوجائے گی ۔ ریاست بھر میں اس طرح کے 200کچن قائم کئے جائیں گے ۔شہری اوردیہی علاقوں کا انتخاب کرلیا گیا ہے تاکہ غریبوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جاسکے۔ حکومت چاہتی ہے کہ لکھنؤ جیسے شہروں میں دوسری ریاستوں سے کام کیلئے آنے والے کارکنوں کو بھی فائدہ پہنچایا جائے۔زیادہ تر کارکن مشرقی یوپی اور نیپال کے ترائی علاقے سے آتے ہیں۔ ایسے کارکن زیادہ تر سڑکوں پر گزر بسر کرتے ہیں اور وہیں کھانا بھی پکاتے ہیں۔تامل ناڈوکی آنجہانی وزیر اعلیٰ جے للیتا کو اس طرح کے سستے کھانے فراہم کرنے کی اسکیم کا کریڈٹ جاتا ہے۔