کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا شادی کرنے جا رہے ہیں؟
اتوار 27 نومبر 2022 15:17
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا 2021 سے ایک دوسرے کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔ (فائل فوٹو: پنک ولا)
بالی وُڈ سٹارز کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کی شادی کی افواہیں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر گذشتہ کئی مہینوں سے گردش کرتی نظر آ رہی ہیں۔
کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا سنہ2021 سے ایک دوسرے کے ساتھ نظر آ رہے ہیں لیکن ان دونوں نے ابھی تک اپنی شادی یا رشتے سے متعلق حتمی فیصلہ نہ ہی اپنے پرستاروں سے شیئر کیا اور نہ ہی میڈیا کو اس کی تصدیق کی ہے۔
اتوار کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کیارا ایڈوانی کی جانب سے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں کیارا شرماتے اور ہنستے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔
کیارا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’اب اس راز کو مزید نہیں چھپایا جا سکتا۔ دیکھتے رہیں، جلد آ رہا ہے دو دسمبر کو۔‘
کیارا ایڈوانی کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ کیارا اور سدھارتھ ملہوترا دو دسمبر کو شادی کر رہے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا فلم ’شیرشاہ‘ کے بعد سے ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے تھے۔
کیارا ایڈوانی کی اس پوسٹ پر انسٹاگرام پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
مِلی گپتا لکھتی ہیں کہ ’یہ شادی سے پہلے کا فوٹو شوٹ ہے نا؟‘
دی کیٹ لیڈی نے لکھا کہ ’یہ شادی کر رہی ہیں یا نہیں؟‘
پرُتھوی کہتے ہیں کہ ’آپ کی اور سدھارتھ کی شادی، یہ تو پورے ملک کو پتا چل گیا ہے، کوئی دوسرا راز بتائیں۔‘
خیال رہے کہ کیارا ایڈوانی دسمبر میں وِکی کوشل کے ساتھ نئی فلم ’میرا نام گوندا‘ میں نظر آئیں گی جبکہ سدھارتھ ملہوترا 2023 میں آنے والی ’یودھا‘ اور ’مِشن مجنوں‘ نامی فلموں میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔