Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمیز راجا کے بیان پر بحث: ’پاکستان کے بغیر ورلڈ کپ کا لُطف ختم ہو جائے گا‘

رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ’ہمارا دو ٹوک موقف ہے وہ آئیں گے تو ہم بھی کھیلنے جائیں گے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا کی انڈیا کے حوالے سے اردو نیوز سے کی گئی بات چیت سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئی ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ ’اگر پاکستان آئندہ برس انڈیا میں شیڈول ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا تو دیکھا گا کون؟‘
انہوں نے کہا کہ ’انڈین کرکٹ بورڈ یا ایشیئن کرکٹ کونسل سے انڈیا کی جانب سے پاکستان میں ایشیا کپ نہ کھیلنے کے حوالے سے تاحال بات نہیں ہوئی لیکن جب بھی موقع ملے گا ہم یہ بات ضرور کریں گے اور ہمارا دو ٹوک موقف ہے کہ وہ آئیں گے تو ہم بھی کھیلنے جائیں گے۔
خیال رہے کہ ایشیئن کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے رواں برس اکتوبر میں بیان دیا تھا کہ ’انڈین کرکٹ ٹیم آئندہ سال ہونے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی اور ہوسکتا ہے یہ ٹورنامنٹ کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کردیا جائے۔
سوشل میڈیا صارفین رمیز راجا کے بیان پر تبصرے کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ خان ناصر نامی سوشل میڈیا صارف نے چیئرمین پی سی بی کو ’بہادر‘ شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ رمیز راجا ’اپنی پوزیشن پر درست طریقے سے قائم ہیں کہ وہ انڈیا کو پاکستان کرکٹ تباہ نہیں کرنے دیں گے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستان کی غیرموجودگی 2023 ورلڈ کپ کا لطف ختم کر دے گی۔‘
کچھ صارفین جو پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ دیکھنے کے خواہش مند ہیں ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کو کرکٹ کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے۔
صہیب خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’میرا نہیں خیال کہ پاکستان ایک آئی سی سی ایونٹ کا بائیکاٹ کرے گا۔ انڈیا بھی 2025 میں چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اگر انڈیا چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آسکتا ہے تو پھر اسے ایشیا کپ کھیلنےکے لیے  بھی آنا چاہیے۔ ایشیا کپ میں بھی کرکٹ ہی کھیلنی ہے ہاکی نہیں۔‘
پاکستانی سپورٹس صحافی عمران صدیقی نے پاکستانی اور انڈین کھلاڑیوں کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’انڈیا اور پاکستانی کرکٹرز کے گراؤنڈ میں اور گراؤنڈ سے باہر اچھے تعلقات ہیں اور مجھے امید ہے کہ ایسے ہی تعلقات پاکستان اور انڈیا کے کرکٹ بورڈز کے درمیان بھی ہو جائیں گے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’دونوں ممالک کا قریب آنا کرکٹ کی ضرورت ہے۔‘
دوسری جانب انڈین سپورٹس جرنلسٹ ویبھو بھولا نے دعویٰ کیا کہ وہ یہ لکھ کر دینے کو تیار ہیں کہ ’انڈیا کرکٹ ٹیم پاکستان کا سفر نہیں کرے گی‘ اور ’پاکستان ورلڈ کپ کھیلنے انڈیا آئے گا۔‘
انڈین کرکٹ بورڈ یا دیگر حکام کی جانب سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کے بیان پر تاحال کوئی سرکاری یا غیر سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

شیئر: