سعودی ایجنسی کے تحت یمن میں صحت اور فراہمی آب کے منصوبے جاری
اتوار 27 نومبر 2022 22:59
منصوبے کے تحت ایک ہفتے میں 6.7 ملین لٹر پینے کا پانی فراہم کیا گیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی یمن میں ضرورت مند افراد اور خاندانوں کو صحت اور پانی کے منصوبوں کی فراہمی جاری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے موبائل کلینکس نے ایک ماہ میں یمن کے حجتہ گورنریٹ میں دو ہزار 711 کو علاج کی خدمات فراہم کیں۔
ان کلینکس نے ایمرجنسی میڈیسن، انٹرنل میڈیسن، بچوں کی صحت، تولیدی صحت، نیوٹریشن تھراپی، امیونائزیشن، آگاہی اور تعلیم، سرجری اور سرجیکل ڈریسنگ سے متعلق خدمات فراہم کیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا یمن کے حجتہ اور صعدہ گورنریٹس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ جاری ہے۔
اس منصوبے کے تحت ایک ہفتے میں تقریباً 6.7 ملین لٹر پینے کا پانی اور دیگر مقاصد کے لیے 7.6 ملین لٹر پانی دونوں علاقوں میں فراہم کیا گیا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
ان منصبوں میں فوڈ سکیورٹی، پانی کی صفائی اور حفظان صحت، تعلیم، ہنگامی امداد اورغذائیت شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 84 ممالک میں مختلف قسم کے 1997 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.7 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔