Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مسجدِ نبوی کے صحن میں پیدا ہونے والی بچی کا نام طیبہ رکھ دیا گیا

ولادت کے بعد زچہ و بچہ کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا (فوٹو: الاخباریہ)
سعودی عرب میں مسجد نبوی کے صحن میں پیدا ہونے والی بچی کا نام والدین نے ’طیبہ‘ رکھا ہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بچی کے والد ڈاکٹر طارق علی سلیمان نے بتایا کہ ’عشا کی نماز کے لیے مسجد نبوی میں اہلیہ اور بچوں کو چھوڑا تھا تاہم پارکنگ نہ ملنے پر گھر واپس چلا گیا۔‘
’عشا کے فوری بعد اہلیہ نے رابطہ کر کے ہسپتال جانے کے لیے کہا حالانکہ جس وقت اہلیہ کو بچوں کے ساتھ نماز کے لیے مسجد نبوی چھوڑا تھا تب طبیعت ٹھیک تھی اور ڈاکٹروں نے ولادت کا وقت کچھ دن بعد کا دیا تھا جو کچھ ہوا اچانک ہوا۔‘
طارق علی سلیمان کے مطابق ’ابھی اہلیہ سے فون پر بات کر رہا تھا کہ اچانک کراہنے کی آواز آئی اور رابطہ منقطع ہو گیا۔ اپنی بیوی کی صحت و سلامتی کے حوالے سے تشویش میں مبتلا تھا۔‘
’راستے میں ہی تھا کہ ایک نرس نے مجھ سے رابطہ کیا اور خوشخبری سنائی کہ زچہ و بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔‘
 بچی کی والدہ نے بتایا کہ ’اچانک طبیعت خراب ہونے پر مسجد سے نکلی اور جیسے ہی گیٹ نمبر 34 تک پہنچی تو گر گئی۔ وہاں ہلال احمر کا مرکز موجود ہے۔ عملے نے  فوری طور پر طبی امداد دی اور بچی کی ولادت انجام پا گئی۔‘ 

بچی کے والد نے بتایا اہلیہ کو بچوں کے ساتھ نماز کے لیے مسجد نبوی چھوڑا تھا ( فوٹو: الاخباریہ)

بچی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ’اپنے بچوں کو مسجد نبوی میں ان کی دادی کے پاس چھوڑ دیا تھا۔ اکیلی ہی ہلال احمر کے مرکز کی جانب جا رہی تھی۔‘
 یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے بیرونی صحن میں خاتون نے طبی ٹیم کے رضاکاروں کی مدد سے بچی کو جنم دیا تھا۔
 ریجنل ہلال الاحمر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد علی الزھرانی نے بتایا تھا کہ طبی ٹیم کی بروقت مدد سے ولادت کا عمل آسانی سے ہوگیا۔
ڈاکٹر الزھرانی کا کہنا تھا کہ ولادت کے لیے زچہ کو ہسپتال منتقل کرنے کا وقت نہیں اسی لیے گائنی ڈاکٹر نے فوری ولادت کی کارروائی کی۔
ولادت کے بعد طبی یونٹ کے ذریعے زچہ و بچہ کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

شیئر: