ٹوکیو ...... ڈرائیونگ کے دوران ٹیکسٹ میسج بھیجنے کی ممانعت ہے بلکہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون پر بات بھی نہیں کرنا چاہئے۔اس کے علاوہ ہینڈ فری طریقے سے بھی موبائل فون استعمال نہیں کرنا چاہئے تاہم بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ آپ آنے والی کال کا جواب دینے پر مجبور ہوجاتے ہیں اور بعض اوقات تو کسی غیر متعلقہ ٹیکسٹ میسج کا جواب دیتے ہیں اور یوں اپنی زندگی اور کار میں بیٹھے لوگوں کی زندگیوں کو داﺅ پر لگاتے ہیں۔ نیسان کمپنی نے اس مسئلے کا آسان اور دلچسپ حل نکال لیا ہے۔ اسے ”نیسان سگنل شیلڈ“ کہا جاتا ہے۔ یہ آپ کے موبائل فون کیلئے ایک ایسا بٹوہ ہے جس میں اگر آپ اپنے موبائل فون رکھدیں تو اس سے سگنل فون تک پہنچنا بند ہوجاتے ہیں۔ آپ نہ تو کال کرسکتے ہیں اور نہ ہی کوئی کال آسکتی ہے۔ جب تک آپ اس بٹوے سے اپنا موبائل فون نہیں نکالیںگے یہ آپ کے لئے ”بیکار“ ہی رہیگا۔