Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قبضے سے روکنے کیلئے خندقیں کھودلیں

حیدرآباد۔۔۔۔۔لینڈ مافیا کو زمینوں پر قبضے سے دور رکھنے کیلئے ورنگل کے دیہی کلکٹر نے ضلع کے جنگلاتی علاقے میں 15ہزار خندقیں کھدوائی ہیں جبکہ ٹیک کے 50ہزار درخت لگوائے جائیں گے ۔ ہر خندق 3میٹر چوڑی اور ایک میٹر گہری ہے اس کے نتیجے میں جنگلات کی 12ہزار سے زیادہ ہیکٹر اراضی کا تحفظ ہوسکے گاجس پر لینڈ مافیا والے نظریں لگائے بیٹھے تھے۔کلکٹر کا کہنا ہے کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ پچھلے 2سے 3عشروں میں لینڈ مافیا نے جنگل کی 2ہزار ایکڑ سے زیادہ اراضی کو زرعی اراضی میں تبدیل کردیاانہوں نے قبضے کے بعد وہاں دیواریں بھی کھڑی کردیں۔کلکٹر نے کہا کہ جس اراضی پر قبضہ ہوا ہے اس کے گرد چاردیواری لگائی جائیگی اور بورڈ پر تحریر کیا جائیگا کہ یہ جنگل کی اراضی ہے یوں اس قسم کی زمین کو خریدنا اوربیچنا مشکل کردیا جائے گا۔اب جنگل میں12ہزار ہیکٹر اراضی کو تحفظ دینے کا چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ مانسون میں یہ خندقیں بارش کے پانی سے بھر جائیں گی اور ان ہی خندقوں میں ہی 50ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ ایک خندق میں 2پودے لگیں گے جبکہ آس پاس 3پودے لگائے جائیں گے۔ ان خندقوں سے ایک طرف تو بارش کا پانی جمع کیا جاسکے گا اور درخت بھی پھلے پھولیں گے۔

شیئر: