کُتا کیوں بھونک رہا ہے؟ سگے بھائی نے بھائی اور بھابھی کو قتل کر دیا
پولیس کے مطابق ملزم فرار ہو گیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ فائل فوٹو
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کی پولیس کے مطابق تحصیل ٹوپی میں میاں بیوی کے قتل کا واقعہ پیش آیا جس کی ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ جھگڑا کتے کے بھونکنے پر شروع ہوا۔
واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
دوہرے قتل کا مقدمہ مقتول شوکت زمان کے والد کی مدعیت میں چھوٹے بیٹے معاذ زمان کے خلاف درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتول شوکت زمان نے گھر میں کتا پالا ہوا تھا جو اکثر اوقات بھونکتا رہتا تھا، کتے کے بھونکنے کی وجہ سے گھر میں کئی بار بحث و تکرار بھی ہوئی۔
پولیس بتایا کہ چار دسمبر کی رات کو چھوٹا بھائی معاذ زمان کتے کے بھونکنے کی وجہ سے نیند سے بیدار ہوا اور اپنے بھائی شوکت سے الجھ پڑا۔ ’ملزم نے اپنے بھائی شوکت سے کہا کہ کتے کی وجہ سے میری نیند خراب ہوتی ہے اسے گھر سے نکالو مگر بھائی نے بات نہ مانی۔‘
مقتول کے والد نے پولیس کو بتایا کہ دونوں بھائیوں کی بحث وتکرار میں مقتول شوکت کی بیوی بھی شامل ہوئی اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
’اسی دوران ملزم معاذ نے اسلحہ نکالا اور طیش میں آ کر بھائی شوکت اور اپنی بھابی پر فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے سے نتیجے میں دونوں میاں بیوی موقع پر ہلاک ہو گئے۔‘
مقتول کے والد نے پولیس کو بتایا کہ فائرنگ کے وقت وہ خود موجود تھے جبکہ اس کے پڑوسی بھی گواہان میں شامل ہیں۔
واقعے کی ایف آئی آر دفعہ 302 کے تحت تھانہ ٹوپی میں درج کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر جگہ جگہ چھاپے مارے جا رہے ہیں۔