انڈیا میں زمین کے تنازع پر قتل، ’ملزمان نے سَر کاٹ کر سیلفی بنائی‘
پولیس کے مطابق مقتول اور ملزم کی خاندانوں کے درمیان زمین کا ایک دیرینہ تنازع چلا آ رہا ہے جو اس قتل وجہ بنا (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کی ریاست جھاڑکھنڈ میں ایک قبائلی شخص نے زمین کے تنازعے پر اپنے کزن کا سَر قلم کر دیا اور اس کے دوستوں نے اس کٹے ہوئے سَر کے ساتھ سیلفی بھی بنائی ہے۔
این ڈی ٹی وی نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ واقعہ چند دن قبل کھنوتی ضلعے کے علاقے مُرہو میں پیش آیا۔
واقعے کی ایف آئی آر جمعے کو مقتول کے والد نے درج کرائی تھی جس کے بعد مرکزی ملزم اور اس کی بیوی سمیت چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں ایک 55 سالہ شخص نے کہا ہے کہ یکم دسمبر کو ان کا بیٹا کانو مُنڈا اپنے گھر میں اکیلا تھا جبکہ گھر کے دیگر افراد کھیتوں میں کام کے لیے گئے ہوئے تھے۔ گھر واپس آنے پر گاؤں والوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے کو ان کے بھتیجے ساگر مُنڈا نے دوستوں کے ساتھ مل کر اغواء کر لیا ہے۔
ابتدائی طور پر کانو منڈا کو تلاش کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ناکامی ہوئی جس کے بعد ایف آئی آر درج کرائی گئی۔
بعدازاں اس کیس کی تفتیش کے لیے ایک پولیس ٹیم تشکیل دی گئی جس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
مُرہو پولیس سٹیشن کے انچارج چندمانی ٹوڈو نے بتایا کہ مقتول کا دھڑ کومانگ گوپلا جنگل سے جبکہ اس کا سَر 15 کلومیٹر دور دُلوا تنگری کے علاقے سے ملا۔
پولیس آفیسر کے مطابق ملزمان نے کٹے ہوئے سَر کے ساتھ سیلفی بھی بنائی۔
گرفتار افراد سے مقتول کے فون سمیت پانچ موبائل فونز، دو خون آلود تیز دھار ہتھیار، ایک کلہاڑا اور ایک سپورٹس گاڑی قبضے میں لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول اور ملزم کی خاندانوں کے درمیان زمین کا ایک دیرینہ تنازع چلا آ رہا ہے جو اس قتل وجہ بنا۔