سعودی عرب، چین کا بااعتماد دوست ہے: شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان
چین کے ساتھ توانائی سمیت مختلف شعبوں میں مستحکم تعلقات ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ چین اورسعودی عرب کے تعلقات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر توانائی نے بدھ کو ریاض میں چینی، سعودی سربراہ کانفرنس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سعودی عرب چین کا بااعتماد دوست ہے اور رہے گا۔ چین کے ساتھ توانائی سمیت مختلف شعبوں میں مستحکم تعلقات ہیں۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے مزید کہا کہ فریقین توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا استحکام چاہتے ہیں اوراسی جانب کام کررہے ہیں۔
عالمی سطح پرتوانائی استعمال کرنے اورپیدا کرنے والے ملک کی حیثیت سے فریقین کے درمیان مسلسل تبادلہ خیال ضروری ہے۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ سعودی عرب اورچین خام پیٹرول کو پیٹرو کیمیکل میں تبدیل کرنے ، تجدت پذیر توانائی ، ماحول دوست ہائیڈ روجن ، الیکٹرانک منصوبوں اور ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کے حوالے سے بھی ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔
دونوں مملک چینی بیلٹ انیشیٹیو اورتجارتی شاہراہ کے دائرے میں آنے والے ممالک میں مشترکہ منصوبے قائم کررہے ہیں علاوہ ازیں پیٹرول کیمیکل اورآئیل ریفائنریز میں بھی سرمایہ لگا رہے ہیں ۔
دونوں ملک توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کےلیے کوشاں ہیں مملکت میں چینی فیکٹریوں کا ریجنل سینٹرقائم کیاجارہا ہے چین تین براعظموں کو جوڑنے والے سعودی عرب کے منفرد محل وقوع سے فائدہ اٹھانے کےلیے یہ اقدام کررہا ہے۔