وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انڈیا کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جمو کشمیر کے تنازع کے حل کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کے اصولی مؤقف اور مسلسل حمایت کو سراہتے ہیں۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے ملاقات کی۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نومبر 2021 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے ملکی دورے پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے او آئی سی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
سیکرٹری جنرل کے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے تاریخی دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے دورے سے کشمیری عوام کو حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں او آئی سی کی حمایت کا ایک مضبوط پیغام جائے گا۔
وزیراعظم نے فلسطینی عوام اور فلسطینی کاز کے لئے پاکستان ے عوام اور حکومت کی غیر متزلزل حمایت کی بھی تجدید کی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مسئلہ فلسطین کا کوئی بھی حل 1967 سے قبل کی سرحد پر مبنی ہونا چاہئے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم کو او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل (سی ایف ایم) کے چیئرمین کے طور پر پاکستان کی بقیہ مدت کے دوران او آئی سی سیکرٹریٹ کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔