’بچوں کی غلط معلومات‘،عمران خان کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر
درخواست کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی چھپانے پر نااہلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گیے کاغذات نامزدگی میں عمران خان کی جانب سے مبینہ بیٹی چھپانے پر نااہلی کی درخواست پر سماعت 20 دسمبر کو مقرر کر دی گئی ہے۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کی گئی کاز لسٹ کے مطابق شہری محمد ساجد کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان، الیکشن کمیشن اور وفاق کو پری ایڈمشن نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں غلط معلومات فراہم کی ہیں۔
درخواست کے مطابق عمران خان نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت اپنے بچوں کی تفصیل میں دو بیٹوں کا ذکر کیا ہے، تاہم انہوں نے بیٹی کی معلومات کو چھپایا ہے۔ درخواست میں معلومات چھپانے کے جرم میں نااہل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔