Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فائنل میں ہیٹ ٹرک اور گولڈن بُوٹ، فرانس کے کیلن مباپے نے تاریخ رقم کردی

رومانو نے کیلن مباپے کی تصویر لگاتے ہوئے انہیں ورلڈ کپ کا بہترین فٹ بالر قرار دے دیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
قطر میں ہونے والے فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن نے فرانس کو پینلٹی ککس پر شکست دے کر ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ کا فائنل اعصاب شکن رہا جہاں دونوں ٹیموں کی درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
فائنل میں ایک طرف لیونل میسی کا جادو چلتا رہا تو دوسری جانب فرانسیسی سپرسٹار کیلن مباپے نے تاریخ رقم کردی۔
کیلن مباپے 56 سال بعد ورلڈ کپ فائنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
مباپے نے فائنل میں پہلا گول 80 ویں منٹ میں پینلٹی پر کیا، دوسرا گول 81 ویں منٹ میں کیا جبکہ تیسرا گول 118 ویں منٹ میں دوبارہ پینلٹی پر کیا۔
23 سالہ فرانسیسی سپر سٹار نے اس ورلڈ کپ میں 8 گول کرکے گولڈن بُوٹ بھی جیت لیا ہے۔
مباپے نے فرانس کے لیے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 16 میچز کھیل کر 12 گول کیے ہیں اور وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں۔
کیلن مباپے کو 23 سال کی عمر سے ہی فٹبال کی ابھرتی ہوئی طاقت کہا جارہا ہے۔
مباپے نے فرانسیسی فٹبال لیگ لیگ ون میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کی جانب سے 236 میچ کھیل 190 گول کیے ہیں۔
مباپے اپنے ملک کو دوسری بار لگاتار ورلڈ کپ تو نہ جیتا سکے لیکن انہوں نے دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں کا دل جیت لیا ہے۔
اسی سلسلے میں انہیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جارہا ہے۔
ٹیرنس کلارک نے مباپے کے بارے میں لکھا کہ 'ہم آنے والے دنوں کے عظیم کھلاڑی کو ابھی بنتا دیکھ رہے ہیں، وہ مباپے ہیں۔'
فٹبال کے صحافی فیبریزیو رومانو نے کیلن مباپے کی تصویر لگاتے ہوئے انہیں ورلڈ کپ کا بہترین فٹبالر کہا۔'
جب مباپے نے اپنا تیسرا گول کیا تو فیفا کی جانب سے ٹویٹ کیا گیا کہ 'کیا آپ نے آج سے پہلے آج تک ایسا کچھ دیکھا ہے؟'
گول کی جانب سے ٹویٹ کی گئی کہ 'کبھی مباپے کی قابلیت پر شک مت کریں۔'
ہمانشو پَریک نے فائنل میں مباپے کی کارکردگی پر ڈبلیو ڈبلیو ای کی مِیم شیئر کردی۔'
 

شیئر: