Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانسیسی وزیر کا سعودی آثار قدیمہ شعبے میں تعاون کا عزم

فرانسیسی وزیر اپنے پہلے دورے کے دوران سعودی وزرا سے ملاقاتیں کریں گے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی فرانسیسی اقتصادی اور تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کے لیے غیرملکی تجارت اور بیرون ملک فرانسیسی شہریوں کے وزیر اولیور بیچٹ نے ایک ملاقات کے دوران اظہار خیال کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  فرانسیسی وزیر نے پیر سے اپنے  پہلے دورہ سعودی عرب کے موقع پر العلا کے علاقے الحجر میں خاتون ماہر آثار قدیمہ لیلیٰ نہمے کی نگرانی میں فرانکو-سعودی آثار قدیمہ کے مشن کی 20 ویں سالگرہ منائی۔
اس تقریب کے موقع پر فرانسیسی وزیر نے کہا ہے کہ ہمارے پاس اس وقت 15 سے زیادہ فرانکو-سعودی آثار قدیمہ کے مشن ہیں جن میں سے 11 پر کام  جاری ہے۔
انہوں نے بتایا  کہ 10 اپریل 2018 کو العلا کی ترقی کے لیے بین الحکومتی معاہدے پر دستخط آثار قدیمہ اور ورثے کے تحفظ کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک  مثبت سمت ہے۔
العلا کی بابت ان کا کہنا تھا کہ آثار قدیمہ کے شعبے میں تعاون ہمارے دو طرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے اور یہ سیاحت، ثقافت، تحقیق اور تربیت کے شعبوں میں بہت سی شراکتوں کی راہ ہموار کرتا ہے۔
فرانسیسی وزیر نے کہا کہ میرے دورے کا بنیادی مقصد صحت کے شعبے میں  اقتصادی اور تجارتی شراکت داری اورتعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
مجھے خوشی ہے کہ ہیلتھ کیئر ایسوسی ایشن کی قیادت میں اس شعبے سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کا  وفداس دورے پر میرے ساتھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری متعدد کمپنیاں مملکت کی معاشی کشش کو تسلیم کرتی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ 2023 میں ان میں سے بہت سی یہاں موجود ہوں گی۔

فرانسیسی کمپنیاں مملکت کے گیگا منصوبوں میں کام کے لیے پرعزم ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی عرب کے اپنے پہلے دورے کے دوران فرانسیسی وزیر کو سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح، وزیر تجارت و میڈیا ڈاکٹر ماجد القصبی اور صنعت و معدنی وسائل کے وزیر بندر ابراہیم الخریف سے ملاقات کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ دورے میں ہم بنیادی طور پر صحت کے شعبے میں اور دیگر تمام اسٹریٹجک شعبوں اپنی اقتصادی شراکت داری کو مضبوط کرنے کے طریقوں پر بات کریں گے جسے بعد میں نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔
مملکت کے وژن 2030 کی ترجیحات کے مطابق فرانسیسی کمپنیاں سعودی معیشت میں اپنی سرمایہ کاری  بڑھانے اور اسے مضبوط کرنے  کے لیے پرعزم ہیں۔
ان میں خاص طور پر قابل تجدید توانائیوں، ہائیڈروجن، پانی، ماحولیات، ڈیجیٹل معیشت، سمارٹ سٹی اور یقیناً سیاحتی خدمات اور  اس کے بنیادی ڈھانچہ کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔

آثار قدیمہ کے شعبے میں تعاون ہمارے دو طرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے۔ فوٹو عرب نیوز

فرانس مملکت کے ساتھ نئی اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیےبہت سے ہائی ٹیک اور ڈیجیٹل شعبوں بشمول سمارٹ سٹیز، سائبر سیکیورٹی اور مصنوعی ذہانت میں اپنی مہارت بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے۔
فرانسیسی کمپنیاں سعودی عرب کی اقتصادی مضبوطی کے گیگا منصوبوں میں حصہ لینے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
متعدد فرانسیسی کمپنیاں پہلے ہی نیوم کی ترقی میں خاص طور پر ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
اس کے علاوہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز، توانائی اور پائیدار ترقی، تعمیرات، انجینئرنگ کنسلٹنسی، سیاحت اور سیکیورٹی کے شعبےمیں فرانسیسی  کمپنیوں کے لیے بہت مواقع ہیں۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: