Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صوابی میں آنکھوں میں مرچیں پھینک کر لوٹنے والا گروہ گرفتار

گزشتہ ہفتے پشاور میں کار سنیچرز اور موٹرسائیکل چور ایک گروہ کو بھی پکڑا گیا تھا۔ (فوٹو: پشاور پولیس)
صوابی میں ایک شخص کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر ایک کروڑ 82 لاکھ روپے لوٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
صوابی کے تھانہ چھوٹا لاہور کی حدود میں 12 دسمبر کو یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گوہر علی اپنے پیٹرول پمپ سے نقد رقم گھر لے کر جا رہے تھے۔
گوہر علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ جہانگیرہ روڈ بینک کے قریب ان کی گاڑی کو روکا گیا اور ایک شخص نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور پھر رقم حوالہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’جب میرے ڈرائیور نے گاڑی کی ڈگی سے رقم نکالے تو راہزنوں کے ایک ساتھی نے ہماری آنکھوں میں مرچیں پھینک دیں۔‘
متاثرہ شخص گوہر علی کے مطابق مرچیں پھینکنے کے بعد انہیں کچھ دکھائی نہیں دیا۔
واقعے کی ایف آئی آر درج کرنے کے ایک ہفتے کے دوران راہزن گروہ کے افراد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
پیر کو ڈسٹرکٹ پولیس افسر  کیپٹن (ر) نجم الدین نے کہا ہے کہ واردات کرنے والے دو اہم ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں جبکہ ایک ملزم کراچی فرار ہوچکا ہے۔ 
ڈی پی او صوابی کے مطابق ملزمان سے 70 لاکھ روپے کی نقد رقم، وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی اور پستول بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل آنکھوں میں مرچیں ڈال کا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا تاہم ملزمان کا تعلق بین الصوبائی راہزن گینگ سے ہونے کے باعث مزید تفتیش میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔

شیئر: