Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بگ بیش لیگ: مائیکل نیسر کا عجیب و غریب کیچ، قانون کیا کہتا ہے؟

میچ میں جہاں برسبین ہیٹ کے بیٹرز نے جارحانہ بیٹنگ کی وہیں ان کے فیلڈرز نے بھی شاندار فیلڈنگ کی (گیٹی امیجز)
آسٹریلوی ٹی20 بگ بیش لیگ کے 25 ویں میچ میں برسین ہیٹ نے سڈنی سکسرز کو 15 رنز سے شکست دی ہے۔
ہائی سکورنگ میچ میں جہاں برسبین ہیٹ کے بیٹرز نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی وہیں ان کے فیلڈرز نے بھی شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔
سڈنی سکسرز کی اننگز کے دوران 19 ویں اوور کی دوسری گیند پر بیٹر جورڈن سِلک نے شاٹ لگائی لیکن باؤنڈری پر کھڑے فیلڈر مائیکل نیسر نے حیران کن طور پر کیچ کر لیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مائیکل نیسر پہلے گیند کو پکڑتے ہیں لیکن توازن بگڑنے کے باعث باؤنڈری سے باہر چلے جاتے ہیں، باؤنڈری سے باہر جانے سے پہلے نیسر گیند کو ہوا میں اچھال دیتے ہیں۔
 پھر اسی گیند کو باؤنڈری سے باہر خود ہوا میں اچھل کر دوبارہ اچھالتے ہیں اور واپس اندر آکر کیچ کر لیتے ہیں۔
مائیکل نیسر کے اس کیچ پر کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی کہ آیا اس کیچ کے باعث آؤٹ ہونے والے بیٹر کو قانون کے تحت آؤٹ دیا گیا ہے یا نہیں؟
اسی سلسلے میں وزڈن کرکٹ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے اسے آؤٹ قرار دیا ہے۔
وزڈن کرکٹ کے مطابق کرکٹ کے قانون 33.2.1 کے تحت یہ کیچ قانونی تھا اور امپائرز نے آؤٹ کا فیصلہ ٹھیک دیا ہے۔
قانون 33.2.1 کہتا ہے کہ ’کیچ ہر اس صورت میں جائز ہوگا جب گیند یا گیند کو چھوتے وقت فیلڈر بیک وقت باؤنڈری سے باہر نہیں ہوں گے۔‘
مائیکل نیسر نے میچ کے بعد بتایا کہ ’انہیں اس قانون کا علم تھا کہ وہ اس کے تحت کیچ کر سکتے ہیں، تاہم انہیں معلوم نہیں تھا کہ یہ قانون تبدیل ہوا ہے یا نہیں۔‘

شیئر: