Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بگ بیش لیگ: شاداب خان، فہیم اشرف اور آصف علی ہوبارٹ ہریکینز میں شامل

رکی پونٹنگ نے کہا کہ ’شاداب خان ورلڈ کلاس سپنر ہیں اور وہ بیٹنگ بھی کر لیتے ہیں۔‘ (فائل فوٹو: پی سی بی)
آسٹریلیا کی ٹی 20 بِگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے ڈرافٹ میں تین پاکستانی کھلاڑی ہوبارٹ ہریکینز میں شامل ہو گئے ہیں۔
ہوبارٹ ہریکینز نے شاداب خان، آصف علی اور فہیم اشرف کو ڈرافٹ کے دوران اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
آسٹریلین لیگ بی بی ایل میں پہلی بار ڈرافٹ سسٹم کے ذریعے کھلاڑیوں کو ٹیموں کے لیے چُنا جا رہا ہے۔
بی بی ایل کو دنیا کی دوسری بڑی کرکٹ لیگ مانا جاتا ہے لیکن گزشتہ کچھ سالوں سے اس کی مقبولیت میں کمی کے باعث آسٹریلین کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس میں کئی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔
اس کے علاوہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے آسٹریلیا کی ٹیم کے کھلاڑی بھی بی بی ایل کے آخری دو ہفتوں میں اپنی فرنچائز سے کھیلیں گے۔
بی بی ایل کی ٹیم ہوبارٹ ہریکینز کے ہیڈ آف سٹریٹجی رِکی پونٹنگ نے ڈرافٹ کے موقع پر شاداب خان، آصف علی اور فہیم اشرف کے بارے میں کہا ہے کہ ’شاداب خان ورلڈ کلاس سپنر ہیں اور وہ بیٹنگ بھی کر لیتے ہیں اور فیلڈنگ میں بھی شاندار ہیں۔ ہمیں تینوں کام کرنے والے کھلاڑی کی ضرورت تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس کے علاوہ ہم نے آصف علی کو لیا، وہ طاقت ور مڈل آرڈر بیٹر ہیں، وہ ٹم ڈیوڈ اور شاداب کے ساتھ اچھی طرح کھیلیں گے۔‘
رِکی پونٹنگ نے مزید کہا کہ ’ہم نے تیسرے پاکستانی کو بھی لیا ہے اور وہ فہیم اشرف ہیں۔ وہ دائیں ہاتھ سے بولنگ کرتے ہیں اور بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہیں۔ ہمیں آل راؤنڈر کی ضرورت تھی اور جب شاداب نہیں ہوں گے تو وہ ان کی کمی پورا کریں گے۔
ہوبارٹ ہریکینز میں ان تینوں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت پر سب سے حیران کُن بات یہ ہے کہ یہ پاکستان ٹیم کے ساتھ ساتھ پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کے بھی کھلاڑی ہیں۔
رواں سال بِگ بیش لیگ 13 دسمبر سے شروع ہوگی جس کا فائنل 4 فروری 2023 کو کھیلا جائے گا۔

شیئر: