ایلی کانٹے ، اسپین..... مقامی پولیس نے یہاں ایزی جیٹ کے ایک طیارے کے مسافر کو اس وقت گرفتار کرلیا جب نیو کاسل سے ایلی کانٹے آنے والی پرواز نے یہاں لینڈ کیا۔ یہ پرواز ایزی جیٹ کمپنی کی تھی۔ پولیس کاکہناہے کہ طیارے کے عملے کی شکایت پر اس شخص کو گرفتا ر کیا گیا ہے کیونکہ اس نے دوران پرواز کیبن کریو سے الجھنے اوران سے بدزبانی کی کوشش کی تھی اور دوسرے مسافروں کے سمجھانے پر بھی وہ قابو میں نہیں آرہا تھا۔ دوسرے مسافروںکا کہناتھا کہ اس نے ایک ایئر ہوسٹس سے بھی بدکلامی کی اور ٹوائلٹ کا دروازہ اسکے سامنے بہت زور سے بند کرکے اپنی جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ صورتحال کے پیش نظر طیارے کے کپتان نے ایلی کانٹے کے گراﺅنڈ اسٹاف کو صورتحال سے آگاہ کردیا تھا جنہوں نے ملزم کو پکڑنے کیلئے پولیس طلب کررکھی تھی۔ ایزی جیٹ کا کہناہے کہ وہ نہ تو اس مسافر کا نام ظاہر کرسکتی ہے او رنہ ہی اسکی قومیت بتانا ممکن ہے تاہم ایزی جیٹ کمپنی ہمیشہ اپنے مسافروں کی اور عملے کی خیرو عافیت کو ملحوظ رکھے گی۔