کراچی، کینیڈین شہری سے 22 لاکھ روپے لوٹنے والا ملزم گرفتار
ہفتہ 7 جنوری 2023 15:38
زین علی -اردو نیوز، کراچی
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم اس سے قبل بھی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے (فائل فوٹو: سندھ پولیس)
پاکستان کے شہر کراچی میں کینیڈین شہری کو لوٹنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق ملزم کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے اور ملزم کے قبضے سے کینیڈین شہری کا پاسپورٹ اور کریڈٹ کارڈز سمیت دیگر دستاویزات برآمد کر لی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ٹیپو سلطان پولیس سٹیشن کی ایس ایچ او نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس نومبر کی 18 تاریخ کو کینیڈین شہری کیون رچرڈ ملر اور ان کے ساتھی نے شارع فیصل پر واقع منی چینجر سے غیرملکی کرنسی تبدیل کروائی۔
’پھر وہ دونوں افراد رکشے میں سوار ہو کر پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں اپنے دفتر کے قریب پہنچے تو ایک موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے اسلحے کے زور پر ان سے 22 لاکھ 80 روپے، موبائل فون اور دیگر سامان چھین کر فرار ہو گئے تھے۔‘
ایس ایچ او عظمیٰ خان کا کہنا تھا کہ پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بروقت حاصل کی اور ملزمان کی تلاش کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا۔
انہوں نے بتایا کہ ’واقعے میں ملوث ایک ملزم سلمان شارع فیصل پر مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے جبکہ اس کا دوسرا ساتھی آصف عرف باس گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے کینیڈین شہری کا پاسپورٹ، کریڈٹ کارڈ سمیت دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔‘
پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم اس سے قبل بھی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور کئی بار جیل بھی جا چکا ہے۔