کراچی میں مسلح افراد 79 بھینسیں، 25 گائیں لے گئے، مقدمہ درج
مالک کا کہنا ہے کہ پارٹنر کے ساتھ لین دین کا تنازع چل رہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ضلع ملیر کے علاقے میمن گوٹھ میں لین دین کے تنازع پر 100 سے زائد مویشی چھین لیے گئے۔
پولیس کے مطابق کیٹل سوسائٹی سپر ہائی وے کے ایک باڑے کے مالک نے اپنی 79 بھینسیں، 25 گائیں بمع بچھڑے کے اسلحے کے زور پر چھینے کا مقدمہ درج کروایا ہے۔
باڑہ مالک نے پولیس کو بتایا ہے کہ ’رات گئے کچھ مسلح لوگوں نے ان کے باڑے پر موجود عملے کو یرغمال بنا کر جانور کھول کے لے گئے۔‘
باڑہ مالک محمد سلیم نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اپنے سابق پارٹنر کے ساتھ لین دین کا تنازع کافی عرصے سے چل رہا ہے اور رقم کی ادائیگی کے لیے مہلت کی درخواست عدالت میں بھی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ رات چند افراد میرے باڑے میں داخل ہوئے اور عملے کو اسلحے کے زور پر ایک کمرے میں بند کر کے جانور کھول کر لے گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’واقعے کے بعد فوری طور پر 15 پر کال کی گئی اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تین افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔‘
تاہم دوسری جانب پولیس نے کسی بھی گرفتاری کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔