سعودی عرب کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کا اعلان
اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان کو تین سال کی مدت میں 16.3 ارب ڈالر کی مدد درکار ہوگی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور اقوام متحدہ کی مشترکہ میزبانی میں پیر کو جنیوا میں ہونے والی ’ریزیلیئنٹ پاکستان‘ بین الاقوامی کانفرنس میں سعودی عرب نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے ایک ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’برادر ملک سعودی عرب نے سیلاب سے متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے ایک ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔‘
خیال رہے جنیوا کانفرنس کے پہلے دن پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے مختلف ممالک اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے 10 ارب 57 کروڑ کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو اسلامی ترقیاتی بنک جدہ کے صدر نے کہا کہ تعمیر نو اور بحالی کے لیے اگلے تین سالوں میں پاکستان کو چار ارب 20 کروڑ ڈالر دے گا۔
پاکستان کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق پاکستان کے لیے یورپی یونین نے 9 کروڑ 30 لاکھ ڈالر، جرمنی نے 8 کروڑ 80 لاکھ، چین نے 10 کروڑ، اسلامک ڈیولپمنٹ بینک نے 4 ارب 20 کروڑ، ورلڈ بینک نے 2 کروڑ، جاپان نے 7 کروڑ 70 لاکھ، ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے 1 ارب 50 کروڑ، یو ایس ایڈ نے 10 کروڑ اور فرانس نے 34 کروڑ 50 لاکھ کا اعلان کیا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ جنیوا کانفرنس کے دوسرے سیشن میں دیویلپمنٹ پارٹنرز بہتر تعمیر نو کے لیے باہمی تعاون کے طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایشیئن انفرا سٹرکچر انوسٹمنٹ بینک نے بھی تعمیر نو کے لیے ایک ارب ڈالر امداد کا وعدہ کیا ہے۔
قبل ازیں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے بتایا کہ انہوں نے خود پاکستان جا کر سیلاب کی تباہی کا مشاہدہ کیا۔
انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ تباہ کن سیلاب سے پاکستان کے بڑے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے، انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے.
’پاکستان کو تین سال کی مدت میں 16.3 ارب ڈالر کی امداد درکار ہوگی۔‘