دبئی میں انڈین شہری کی ایمانداری، ایک لاکھ 34 ہزار درہم واپس کردیے
دبئی پولیس نے رقم اس کے اصل مالک تک پہنچا دی ہے ( فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات دبئی میں مقیم انڈین شہری اوپیندرا ناتھ چترویدی نے ایک پبلک مقام سے ملنے والے ایک لاکھ 34 ہزار 930 درھم الرفاعہ پولیس سٹیشن کے حوالے کردیے۔
الامارات الیوم کے مطابق الرفاعہ پولیس سٹیشن کے ڈائریکٹر کرنل عمر حماد نے اپنے نائب کرنل جمعہ المھیری کی موجودگی میں اس اقدام پر انڈین شہری کی ستائش کی ہے۔
الرفاعہ پولیس سٹیشن کے ڈائریکٹر نے اس موقع پر کہا کہ ’وہ ایمانداری اور حسن کردار پر انڈین شہری کے شکر گزار ہیں۔ پبلک مقام سے ملنے والی خطیر رقم پولیس سٹیشن کے حوالے کرکے قابل قدر کام کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’دبئی پولیس امن و امان کی بحالی اور معاشرے کو خوشیاں دینے والے افراد کی حوصلہ افزائی اپنا فرض سمجھتی ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ’ پولیس نے رقم اس کے اصل مالک تک پہنچا دی ہے‘۔