اسلام آباد... پمراکے چیئرمین ابصار عالم نے کہا ہے کہ مجھے اور پمرا ملازمین کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل باجوہ تحقیقات کرائیں اور سیکیورٹی دیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوںنے بتایا کہ کچھ لوگ پمرا کے ملازمین کو دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ ابصار عالم نے ایک ٹیلی فون کال بھی سنوائی جس میں کال کرنے والا شخص دھمکیاں دیتے ہوئے ایک چینل کو فعال کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح دھمکیاں ملتی رہیں تو ہمارے لئے کام کرنا مشکل ہوجائے گا ۔ آپریشن رد الفساد کے تحت پمرا کی کچھ ذمہ داریاں ہیں۔ شرانگیزی کے خلاف کارروائی کی لیکن عدالتوں کے سامنے جھوٹ بول کر حکم امتناعی کے پیچھے چھپا جا رہا ہے۔ پمرا کا اختیار سب کو اپنے پاس رکھنا ہے تو ادارے کو بند کردیں۔ابصار عالم نے کہا کہ کچھ لوگ ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں، بعض ٹی وی اورنیوز اینکرز معاشرے میں زہر گھول رہے ہیں۔ ایک سال 5 ماہ سے میری ذات پر حملے ہو رہے ہیں۔ مجھے بتایا جاتا ہے کہ اسلام اور ناموس رسالت کیا ہے حالانکہ تحریک نظام مصطفی کے لئے میرے2 بھائی شہادت پاچکے ہیں جو میرے حوالے سے بات کرتے ہیں ان سب کو جانتا ہوں۔ ایک سوال انہوںنے کہا کہ میرے لئے کسی چینل کی کوئی اہمیت نہیں، میرے لئے سب برابر ہیں۔