Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جس سے محبت ہو اُس کی عزت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے‘

فلم ’بے بی لیشیس‘ 10 فروری کو ریلیز ہو گی (فوٹو: سکرین گریب)
دوستی، محبت اور ساتھ نہ چھوڑنے کے وعدے لیکن پھر کسی تیسرے کی زندگی میں اینٹری کے باعث جھگڑے اور بریک اپ نے عیسیٰ اور صبیحہ کو ایک دوسرے سے دور کر دیا۔
محبت اور اختلافات پر مبنی یہ کہانی ہے فلم ’بے بی لیشیس‘ کی۔
اداکارہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی فلم ’بے بی لیشیس‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ فلم 10 فروری کو ریلیز ہونے والی ہے۔
فلم کی پروموشن کے لیے طلاق کے ڈھائی سال بعد سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری ایک ساتھ انٹرویو دیتے نظر آئے جس میں سائرہ یوسف نے کہا کہ ’میرے لیے محبت تحفظ ہے، اگر آپ کسی کے ساتھ محفوظ محسوس کرتے ہیں تو امکان ہے کہ اس سے آپ کو خالص محبت ہوجاتی ہے لیکن ایسا نہیں ہے توپھر وہاں بے چینی اور خوف جیسے جذبات جنم لیں گے۔‘
شہروز سبزواری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں محبت عزت ہے، زیادہ تریہ احترام پرمبنی ہے۔ کسی بھی قسم کی محبت کو احترام کی ضرورت ہوتی ہے چاہے وہ آپ کے والدین، بیوی یا بچوں کے ساتھ ہی کیوں نہ ہو، اس شخص کی عزت سے متعلق کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اگرعزت نہیں ہوگی تو آپ جلد یا بدیر محبت سے باہر ہو جائیں گے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Syra Yousuf (@sairoz)

فلم کی پروموشن ہی سہی لیکن سائرہ اور شہروز کو ایک ساتھ سکرین پر دیکھ کر مداح بہت خوش ہیں۔

محب مرزا کا دبے لفظوں میں صنم سعید کے لیے محبت کا اعتراف

گزشتہ سال جہاں کئی شوبز شخصیات کی علیحدگیوں کی خبر سے افسوس کے بادل چھائے تھے وہیں ایسا لگتا ہے کہ نئے سال میں محبت کی ہوائیں چلنے لگی ہیں کیونکہ اداکارہ صنم سعید کی جانب سے ’سال 2022 یادگار لمحوں‘ کی ویڈیو کے بعد اداکار محب مرزا نے بھی دبے لفظوں میں اداکارہ صنم سعید کے لیے اپنی محبت کا اعتراف کیا ہے۔
ایک پوڈ کاسٹ میں میزبان نے محب مرزا سے جب سوال کیا کہ ’آپ صنم کے بارے میں کیا کہنا چاہیں گے، آپ کی ان کے ساتھ کب اور کہاں کہانی شروع ہوئی؟‘

اداکار محب مرزا نے بھی دبے لفظوں میں اداکارہ صنم سعید کے لیے اپنی محبت کا اعتراف کیا ہے (فوٹو: صنم سعید انسٹاگرام)

تو انہوں نے جواب دیا کہ ’صنم کا مطلب ہے جس سے محبت کی جائے اور محب کا مطلب ہے محبت کرنے والا، اس سے زیادہ میں اور کچھ نہیں کہوں گا۔‘
یمنیٰ زیدی کی فلم کی دُنیا میں اینٹری
پاکستانی ڈراموں کی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے ڈراموں کے بعد اب فلمی دنیا میں قدم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ فلم 'نایاب - نام یاد رکھنا' کے ساتھ بڑے پردے پر ڈیبیو کرنے جارہی ہیں۔ اس حوالے سے وہ کافی پُرجوش ہیں اور اپنی ایک پوسٹ میں کہتی ہیں کہ ’اس فلم کا خیال اور تشکیل ان کے دل کے بہت قریب ہے۔‘

’میرے بن جاؤ‘ سوشل میڈیا کے منفی اثرات کو بیان کرتی کہانی

دوسری جانب یمنی زیدی کا اداکار وہاج علی کے ساتھ نشر ہونے ڈرامہ ’تیرے بن‘ عوام میں مقبول ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ اگرڈرامے کی بات چل ہی نکلی ہے تو ذکر کنزہ ہاشمی اور زاہد احمد کا بھی ذکر کرنا پڑے گا کیونکہ دونوں اپنے نئے ڈرامے میں ایک ایسی کہانی لانے والے ہیں جو آج کل ایک سنجیدہ مسئلہ سمجھا جا رہا ہے۔
اداکار زاہد احمد ، کنزہ ہاشمی اور اظفر رحمان ڈرامہ سیریل ’میرے بن جاؤ‘میں سوشل میڈیا سے لوگوں کی زندگیوں پر پڑنے والے منفی اثرات کو دکھایا گیا ہے۔
آج کے دور میں سوشل میڈیا کے کردار کو نظر انداز کرنا ایسا ہی ہے جیسے کالے کوے کو سفید کہنا۔
دراصل سوشل میڈیا نے جہاں عام لوگوں کو رات رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا وہیں منٹوں میں معروف شخصیات کے کردار کی دھجیاں بھی بکھیری ہیں۔
اس کی تازہ مثال ملک کی چار مشہور اداکارائیں ہیں جن میں کبریٰ خان، مہوش حیات، سجل علی اور ماہرہ خان شامل ہیں۔
اداکارہ کبریٰ خان نے اپنے خلاف چلنے والی سوشل میڈیا مہم کے حوالے سے عدالت سے رجوع کیا تو عدالتی حکم کے بعد ایف آئی اے نے کبریٰ خان کے کردار پر انگلی اٹھانے والے 27 سوشل میڈیا اکائونٹس کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا اور پی ٹی اے کو یوٹیوب ، ٹوئٹر ، انسٹا گرام سمیت دیگر اکاؤنٹس بلاک کرنے کیلئے کہہ دیا گیا ہے
اسی طرح اداکارہ مہوش حیات نے بھی سوشل میڈیا پر ہونے والی کردار کشی پر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تو عدالتِ عالیہ نے مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹانے کا حکم دے دیا۔

مہوش حیات نے کہا کہ ’میرے کام پر جو چاہیں تنقید کریں لیکن کسی کو میرے کردار کو بدنام کرنے کا حق نہیں (فوٹو: مہوش حیات انسٹاگرام)

اداکارہ مہوش حیات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’میں ایک مضبوط پیغام دینے کے لیے عدالت گئی تھی کہ میں مزید ان گھٹیا تہمتوں پر چُپ نہیں بیٹھوں گی۔ یہ سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے لیکن پچھلے کچھ دنوں کے واقعات نےپستی کی نئی حدوں کو چھُوا ہے۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’میرے کام پر جو چاہیں تنقید کریں لیکن کسی کو میرے کردار کو بدنام کرنے کا حق نہیں ہے۔ میں خود کو کسی سیاسی کھیل میں پیادے کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دوں گی، جب تک یہ معاملہ انجام کو نہیں پہنچ جاتا میں چین سے نہیں بیٹھوں گی۔‘
کیفی خلیل کا ’کہانی سُنو‘ سپاٹیفائے کی ٹاپ ویڈیوز میں شامل
موسیقی کے حوالے سے کوک سٹوڈیو سیزن 14 کےمقبول ترین بلوچی گانے ’ کنایاری’ سے ملک گیرشہرت حاصل کرنے والے گلوکار کیفی خلیل کی کہانی کے چرچے جارہی ہیں۔ ان کا گانا 'کہانی سنو' اسپاٹیفائی کی گلوبل ٹاپ ویڈیوز میں 55ویں نمبر پر آگیا ہے۔
کیفی خلیل کو گزشتہ دنوں منعقد ہونے والے ’کراچی ایٹ فیسٹیول‘ میں مدعو کیا گیا تو شرکا کی اتنی بڑی تعداد پہنچ گئی کہ انہیں سنبھالنا انتظامیہ کے بس سے باہر ہو گیا اور افراتفری ایسی پھیلی کہ کیفی خلیل کو کانسرٹ ادھورا چھوڑ کرجانا پڑا۔
کیفی خلیل کی ’کہانی سنو‘ کے ساتھ ہی ابھی بھی میوزک لورز پر ’پسوڑی‘ کا سحر طاری ہے۔
پسوڑی گانے والے گلوکارعلی سیٹھی کیلیفورنیا کے صحرا کولوراڈو میں چار اپریل سے منعقد ہونے والے سالانہ موسیقی اور فنون میلہ کوچیلا میں دنیا بھر کے بڑے گلوکاروں کے ساتھ سٹیج پر دھوم مچائیں گے۔
رواں  ہفتے گلوکار عاصم اظہر کا نیا گانا ’درد‘  بھی ریلیز ہوا ہے جس کی میوزک ویڈیو میں پاکستانی اداکارہ درفشاں سلیم کو شامل کیا گیا ہے۔

شیئر: