جنوبی کوریا کے صدر کا امارات پہنچنے پر شاندار استقبال
جنوبی کوریا کے صدر کا امارات پہنچنے پر شاندار استقبال
اتوار 15 جنوری 2023 14:20
ابوظہبی کے قصر الوطن پہنچنے پر امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے استقبال کیا۔ فوٹو اے پی
جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول خاتون اول کم کیون کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر اتوار کے روز ابوظہبی پہنچ گئے۔
عرب نیوز کے مطابق امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام نے رپورٹ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی امارات کی فضائیہ کے طیاروں نے مہمان کا استقبال کیا۔
ابوظہبی کے قصر الوطن پہنچنے پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے کورین صدر کا استقبال کیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وام نیوز ایجنسی کے مطابق استقبالیہ تقریب میں کوریا کا قومی ترانہ پیش کیا گیا اور معزز مہمان کے استقبال پر21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
جنوبی کوریا کے صدر اپنے اس سرکاری دورے کے موقع پر شیخ محمد بن زاید کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کریں گے۔
جنوبی کورین صدر اپنے اس دورے میں14جنوری سے 19 جنوری تک جاری رہنے والے ابوظہبی سسٹین ایبلٹی ویک میں بھی شرکت کریں گےاور اس دوران اہم ترقیاتی منصوبوں کا وزٹ کریں گے۔