Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید جی 20 کانفرنس میں شرکت کریں گے

جی ٹوئٹنی کانفرنس میں متعدد عالمی تنظیموں کے نمائندے بھی مدعو ہیں( فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں ہونے والی جی 20 کی سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کانفرنس منگل کو شروع ہوگی۔ 
اماراتی خبررساں  ادارے وام کے مطابق کانفرنس کی قیادت انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کریں گے۔ جی 20 میں شامل ممالک کے رہنماوں کے علاوہ متعدد عالمی تنظیموں کے نمائندے بھی مدعو ہیں۔ 
اماراتی صدر کے ہمراہ اعلی سطح کا ایک وفد بھی ہوگا جس میں نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید آل نہیان، وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان، شیخ حمدان بن محمد آل نہیان، ایوان صدارت کے مشیر خاص شیخ محمد بن حمد آل نہیان، وزیر توانائی سہیل المزروعی، وزیر ماحولیات و موسمیات مریم المھیری، وزیر مملکت احمد الصایغ اور انڈونیشیا میں اماراتی سفیر عبداللہ سالم الظاہری شامل ہیں۔
 امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے جی 20 میں شرکت کے حوالے  سے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’انڈونیشیا کے شہر بالی میں جی 20 کا اہم بین الاقوامی اجلاس ہورہا ہے'
’اس میں شرکت کے ذریعے دنیا کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں امارات کا نقطہ نظر اور بنی نوع انساں کے لیے مفید پائدار ترقی کے  استحکام میں اماراتی طرز اور اپنی نسلوں کے مستقبل کے حوالے سے اماراتی تصور پیش کرکے ہمیں خوشی ہوگی‘۔ 

شیئر: