Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن کے صحرائی عجوبے ’پیٹرا‘ میں سیاحوں کی واپسی

2022 میں تقریباً 4.6 ملین سیاحوں نے اردن کا رخ کیا ( فوٹو: اے ایف پی)
پیٹرا اردن کے جنوب مغربی صحرا میں ایک مشہور آثار قدیمہ کا مقام ہے جہاں اپنے اونٹوں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے خوش دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ سیاح واپس آ گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کورونا کی عالمی وبا نے ’روز سٹی‘ کو بھوت شہر میں تبدیل کر دیا تھا۔
سات بچوں کے باپ حسین بدول اپنے کام پر واپس آ گئے ہیں اور سیاحوں کو اپنے سجے ہوئے جانوروں پر سواری کی پیشکش کر رہے ہیں۔
35 سالہ حسین بدول نے کہا کہ ’سیاحت لوٹ آئی ہے اور سیاحوں کی تعداد بھی زیادہ ہے جو بحالی کی عکاسی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کورونا کی وبا کے وقت ہم نے پیٹرا میں کسی کو نہیں دیکھا۔ وہ وقت ایک آفت تھا کیونکہ پیٹرا کے 90 فیصد لوگ سیاحت کے شعبے سے وابستہ ہیںں۔‘
واضح رہے کہ ادرن نے 2022 میں مجموعی طور پر 4.6 ملین سیاحوں کا خیر مقدم کیا جو 2020 کے مقابلےمیں تقریباً چار فیصد زیادہ ہے جس سے اسے 5.3 بلین ڈالر کی آمدنی ہوئی۔
اردن کے سیاحتی حکام اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ پیٹرا کاروبار میں واپس آ گیا ہے اور پچھلے سال نو لاکھ سیاحوں نے پیٹرا کا رخ کیا تھا جو کہ 2019 میں قائم کردہ ایک ملین سیاح کے ریکارڈ کے قریب ہے۔
خیال رہے کہ ٹاپ ڈرا پیٹرا جو گلابی چٹان کے چہروں سے تراشے گئے اپنے شاندار مندروں کے لیے مشہور ہے، اقوام متحدہ کا عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ ہے، اور اسے 2007 کے آن لائن پول میں دنیا کے نئے سات عجائبات میں سے ایک کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔
یہ 312 قبل مسیح میں نباطیوں کی قدیم عرب مملکت کے دارالحکومت کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا جو 106 قبل مسیح میں رومیوں کے قبضے میں آ گیا تھا۔
قدیم شہر مغرب میں اس وقت تک نامعلوم رہا جب تک 1812 میں سوئس سیاح نے وہاں کا دورہ نہیں کیا تھا۔

پیٹرا کے 90 فیصد لوگ سیاحت کے شعبے میں کام کرتے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

پیٹرا  میں تقریباً ایک ہزار 700 افراد  ٹور گائیڈز، ٹرنکیٹ بیچنے والے یا گدھوں، گھوڑوں، اونٹوں یا برقی بگھیوں پر سیاحوں کو سائٹ پر لے جا کر روزی کماتے ہیں۔
پیٹرا ڈویلپمنٹ اینڈ ٹورازم ریجنل اتھارٹی کے سربراہ سلیمان فراجات نے کہا کہ ’کورونا کی وبا کے بعد سیاحت کی واپسی تمام توقعات سے بڑھ گئی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بحالی میں نئی غیر ملکی مارکیٹوں،کم لاگت ایئر لائن کی پروازوں اور ہوٹل کے نئے کمروں میں سرکاری تشہیری مہموں سے مدد ملی۔‘
سلیمان فراجات نے کہا کہ ’پیٹرا میں اب چار ہزار کمرے ہیں اور تین نئے فائیو سٹار ہوٹلوں کے لیے اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں جس سے صلاحیت جلد ہی 2019 سے تقریباً دگنی ہو جائے گی۔‘

شیئر: