العلا دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں سرفہرست
عالمی تنظیم سیاحت نے 2022 میں بہترین سیاحتی قریوں کی فہرست جاری کی ہے( فوٹو روئٹرز)
عالمی تنظیم سیاحت نے 2022 کے دوران العلا کو دنیا کے بہترین سیاحتی قریوں میں سرفہرست قرار دیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ماتحت عالمی تنظیم سیاحت نے 2022 کے دوران دنیا کے بہترین سیاحتی قریوں کی فہرست جاری کی ہے ۔
عالمی تنظیم سیاحت نے سعودی عرب کے تاریخی قریے العلا کے علاوہ اردن کے ایک قریے اور مراکش کے دو قریوں کو فہرست میں شامل کیا ہے۔
57 ممالک نے عالمی فہرست میں شمولیت کے لیے 136 قریوں کے نام دیے تھے۔ ہر ملک کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ زیادہ سے زیادہ اپنے تین قریوں کے نام فہرست میں شمولیت کے لیے تجویز کرسکتا ہے۔ ان میں سے 32 کو دنیا کے بہترین قریے قرار دیا گیا ہے۔
العلا کا قدیم قریہ 900 سے زیادہ روایتی عمارتوں پر مشتمل ہے۔ یہ عمارتیں کچی مٹی سے تیار کی گئی ہیں۔ ان میں سے سو کو روایتی تعمیراتی انداز سے ٹھیک کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ العلا کمشنری میں الحجر تاریخی مقام پہلا سعودی مقام ہے جسے یونیسکو نے 2008 میں عالمی ورثے میں شامل کیا تھا۔ یہاں بڑے سائز قبریں اور حفاظتی حصار ہے۔ پھول بوٹوں سے مزین ان کا فرنٹ پہلی صدی قبل مسیح سے تعلق رکھتا ہے۔
الحجر میں 111 بڑے سائز قبریں ہیں۔ ان میں سے 94 مزین ہیں اور نبطی تمدن کا منفرد کارنامہ ہیں۔